بہار الیکشن:واحد عالم دین مولانا سعود اسرارندوی ٹھاکر گنج سے کامیاب

سنتوشپور:مولانا اسرار الحق قاسمی رح کے صاحبزادے مولانا سعود اسرار ندوی ازہری نے کشن گنج ضلع کے ٹھاکر گنج اسمبلی حلقہ سے 35 ہزار ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ اس موقعے پر مولانا مرحوم کے پی اے، سفر وحضر میں ان کے رفیق اور دارالعلوم اسراریہ سنتوشپورکے مہتمم مولانا نوشیراحمدنے انھیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حضرت مولانا اسرارالحق قاسمی نے پوری زندگی اخلاص کیساتھ عوام کی خدمت کی جس کی وجہ سے آج بھی لوگوں کے دلوں میں ان کے لیے خاص محبت ہے،انتخابی تشہیر کے دوران میں نے خود دیکھا کہ خواتین و حضرات میں ان کے تئیں بہت زیادہ لگاؤ کا اظہار کیا جارہا تھا اور وہ اب بھی ان کی قربانیوں کو یاد کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ مولانا سعودکو غیر معمولی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انھوں نے کہاہے کہ دعا گوہیں کہ اللہ تعالی ان سے سماجی خدمت کا کام لے اور جس طرح مولانا مرحوم نے پوری زندگی مسلمانوں کے حقوق کی لڑائی لڑی اسی طرح مولانا سعود بھی حق ،انصاف اور سماجی فلاح کے کام کریں۔ اس موقعے پر حضرت مولانا کے مشیر خاص اور کولکاتہ میں ان کے میزبان انجینئر وقار احمد خان نے بھی مولانا سعود کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دراصل ٹھاکر گنج کے عوام کا حضرت مولاناسے قلبی تعلق کا نتیجہ ہے کہ انھوں نے مولانا سعود کو کامیاب کیاہے۔جیت کے بعد اپنے حامیوں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سعود ندوی نے تمام ووٹرزکاشکریہ اداکیا اورکہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ جس طرح میرے والد محترم نے پورے خلوص اور لگن کے ساتھ عوام کی خدمت کی اسی طرح میں بھی خدمت کروں گا۔