بہار الیکشن:مجلس کا سماج وادی جنتا دل سے اتحاد،مل کر لڑے گی الیکشن

پٹنہ:اس باراسمبلی انتخابات میں اسد الدین اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم بہارکے متھلانچل میں بھی تیاری کر رہی ہے۔ ہفتے کے روزپارٹی کے سربراہ اسدالدین اویسی نے پٹنہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم بہار میں نیااتحادتشکیل دے رہے ہیں۔ اس اتحاد کو یو ڈی ایس اے (یونائیٹڈ ڈیموکریٹک سیکولر الائنس) کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے لیے اے آئی ایم ایم اوردیویندر یادو کی پارٹی سماج وادی جنتا دل کے درمیان اتحاد ہے۔ اتحاد کو بڑا بنانے کے لیے متعدد جماعتوں کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے۔آر جے ڈی کے ووٹ کٹواکہنے کے سوال پراویسی نے کہاہے کہ جو لوگ ہمیں ووٹ کٹواکہتے ہیں انہیں 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں اپنی کارکردگی یاد رکھنی چاہیے۔کسی کا بھی مسلم ووٹروں پر کوئی حق نہیں ہے۔انہوں نے کہاہے کہ ہم کسی ایک مذہب کی سیاست نہیں کرتے ہیں۔ہم پرجوالزام لگایا گیا ہے وہ غلط ہے۔اگرہم کشن گنج میں نہیں لڑتے توکانگریس نہیں جیتتی۔کانگریس شیوسیناکی گودمیں بیٹھ گئی۔پریس کانفرنس میں سابق رکن پارلیمنٹ اور سماج وادی جنتا دل کے لیڈر دیویندر پرساد نے کہاہے کہ بہار میں اپوزیشن اپنا فرض ادانہیں کررہی ہے۔ تیس سالوں سے شوگر ملیں بندہیں۔ مزدور ہجرت کر رہے ہیں۔ بہار میں بے روزگاری بہت زیادہ ہے۔ لوگوں کومعاش کے لیے دوسری ریاستوں میں جانا پڑتا ہے۔