بہار الیکشن کی تیاریاں:الیکشن کمیشن کی ٹیم جلد ریاست کا دورہ کرے گی

نئی دہلی:کورونابحران کے بیچ ایک طرف تمام سیاسی جماعتیں بہار میں اپنی انتخابی مہم میں لگی ہیں جبکہ الیکشن کمیشن بھی انتخابی تاریخوں کے اعلان کے لیے اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن آئندہ 2 سے 3 دن میں بہارکے دورے کی تاریخ کافیصلہ کرے گا۔جب تک پیکیج اورمنصوبے کے اعلانات بھی ہوتے رہیں گے ۔بہار اسمبلی کے لیے 243 نشستوں پر انتخابات ہونے ہیں اور خیال کیا جاتا ہے کہ یہ انتخابات اکتوبرمیں ہوسکتے ہیں۔ اگرچہ بہار میں بھی ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح کوروناانفیکشن کے معاملات بڑھ رہے ہیں ۔ ایسی صورت حال میں وبا کے اس مرحلے میں انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کے سامنے بہت بڑا چیلنج ہے۔الیکشن کمیشن کو اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرنا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ اور 2 دیگر الیکشن کمشنرز آئندہ 2 سے 3 دن میں بہار کے دورے کی تاریخوں کا اعلان کریں گے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ اس کے بعد انتخابات کی تاریخوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔اس سے قبل گذشتہ ہفتے الیکشن کمیشن کی ٹیم ریاست میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے پٹنہ میں تھی۔ اس ٹیم میں دو ڈپٹی الیکشن کمشنرز سدیپ جین اور چندر بھوشن کمار اوردیگراعلیٰ عہدیدار شامل تھے۔ دو روزہ دورے کے بعد ٹیم دہلی واپس آئی اور اس نے اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کی۔توقع ہے کہ 20 اور 25 ستمبر کے درمیان الیکشن کمیشن بہارکے انتخابی شیڈول کا اعلان کرے گا۔