بہارالیکشن:کنگنا رناوت کے چناؤ پرچار پربی جے پی نے کہا،ہمیں اسٹارکی ضرورت نہیں

پٹنہ:بہار اسمبلی انتخابات 2020 کے لیے ماحول آہستہ آہستہ زور پکڑتا جارہا ہے۔بہار انتخابات میں فلمی اداکارہ کنگنا رناوت کی انتخابی مہم کے سوال پر مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ اور بہارالیکشن کے انچارج دیویندر فڑنویس نے کہاہے کہ بی جے پی کو کسی اسٹار کی ضرورت نہیں ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی یہاں اسٹار ہیں۔ فڑنویس نے پیر کو کٹیہار میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سوشانت سنگھ راجپوت کا معاملہ انتخابی مسئلہ نہیں ہے ، لیکن انھیں انصاف چاہیے ،یہ پورا ملک یہ چاہتا ہے۔اہم بات یہ ہے کہ اسمبلی انتخابات سے قبل بی جے پی کارکنوں نے سوشانت سنگھ راجپوت کے پوسٹر اور بینرز لگا رکھے ہیں ،جس پر اپوزیشن جماعتوں نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ انتخابی فوائد کے لئے سوشانت کے نام کو سیاست میں گھسیٹا جارہا ہے۔ اس معاملے میں بی جے پی نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ سوشانت کی موت کو انتخابی مسئلہ نہیں بنانا چاہتی ، لیکن جب تک اس معاملے پر انصاف نہیں مل جاتا ، وہ خاموش نہیں بیٹھے گی۔