بھوپال میں کورونا واریئرز کا احتجاج،پولیس نے چلائی لاٹھیاں

بھوپال:مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں پولیس نے اچانک کورونا ہیلتھ ورکرز کو جائے احتجاج سے بھگا دیا۔ دراصل یہ صحت کارکنان بھوپال کے نیلم پارک میں گزشتہ تین دن سے مستقل نوکری کے مطالبہ پر دھرنے پر بیٹھے تھے اس دوران پولیس نے اچانک لاٹھیوں اور ڈنڈوں کی نوک پر سب کو نیلم پارک سے بھاگنے پر مجبور کردیا۔ ہیلتھ ورکرز کے مطابق حکومت نے اپریل 2020 میں اس طرح کے تقریباً6 ہزار صحت کارکنوں کو تین ماہ کے معاہدے پر مقرر کیا تھا۔اس کے بعد معاہدے کو 3-3 ماہ میں 2 بار بڑھایا گیا تھا اور اب نوکری 31 دسمبر کو ختم کی جارہی ہیں۔ نوکری ختم ہونے کی وجہ سے صحت سے متعلق کارکنان حکومت سے نوکری کی مستقل بحالی کے مطالبے پر دھرنے پر بیٹھے تھے، جس کے بعد پولیس نے انہیں زبردستی بھگادیا ۔