بھیونڈی عمارت حادثہ:مہلوکین کی تعداد39 ہوگئی

تھانے:مہاراشٹر کے بھونڈی میں تین منزلہ عمارت گرنے سے بدھ کے روز ہلاکتوں کی تعداد 39 ہوگئی۔پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں میں 18 بچے بھی شامل ہیں، جن کی عمریں دو سے پندرہ سال تک ہیں۔ایک اہلکار نے بتایا کہ ابھی تک 25 افراد کو ملبے سے نکالا جاچکا ہے۔ ان لوگوں کو بھونڈی اور تھانے کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ شدید بارش کے باوجود سرچ آپریشن رات بھر جاری رہا۔ 43 سالہ قدیم جیلانی بلڈنگ پیر کی صبح 3.40 بجے گر گئی تھی۔ اس عمارت میں 40 فلیٹ تھے اور یہاں تقریباً150 افراد رہتے تھے۔بھونڈی تھانے سے 10 کلومیٹر دور واقع ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ عمارت گرنے کے معاملے میں بلدیات کے دو عہدیداروں کو معطل کردیا گیا ہے اور عمارت کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔