بھارت کوقلتِ تغذیہ سے پاک بنانے کا عہدکریں:امت شاہ

نئی دہلی:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کے روز شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قلت تغذیہ سے پاک ہندوستان کے لیے کام کریں ۔امت شاہ نے سلسلہ وار ٹویٹ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے 2018 میں شروع کی جانے والی غذائیت کی مہم ملک سے قلت تغذیہ کے بھرپور خاتمے کے لیے غیرمعمولی کردار ادا کررہی ہے۔انھوںنے کہا کہ2020 کے دوران مودی سرکار ملک بھر میں قلت تغذیہ سے دوچاربچوں کے مکمل تغذیہ کے لیے وسیع مہم چلائے گی۔ آئیے ہم سب اس اسکیم کو مزید مستحکم کرنے میں مددکرکے ہندوستان کوقلت تغذیہ سے پاک بنانے کاحلف اٹھائیں۔امت شاہ نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قلت تغذیہ سے پاک ہندوستان کے لیے کوشش کرنے کاعہدکریں اور اس سمت میں کام کریں۔ انھوںنے کہا کہ بچوں،حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں کے لیے مناسب تغذیہ ہمیشہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ترجیح رہی ہے۔ وزیر اعظم مودی کے ذریعہ سال 2018 میں شروع کی جانے والی غذائیت کی مہم ملک سے قلت تغذیہ کے بھرپور خاتمے میں غیر معمولی کردار ادا کررہی ہے۔ اس کا مقصد نوجوان بچوں اور خواتین میں قلت تغذیہ کے خاتمے کے لیے اچھی طرح سے عوامی شراکت کو فروغ دینا ہے اور ساتھ ہی ساتھ سب کے لیے اچھی صحت اورخوراک کو یقینی بناناہے۔