بنگال میں بی جے پی نے کوروناپھیلایا،ممتابنرجی کا الزام

جلپائی گوڑی:مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے دوران کورونا کے نئے کیسز نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے۔کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج ایک ریلی میں کہاہے کہ بی جے پی اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم میں بیرونی لوگوں کی ایک بڑی تعداد لے کر آئی ، جس کی وجہ سے ریاست میں حالیہ دنوں میں کوویڈ کے معاملات میں اضافہ ہوا ہے۔ ہم نے کوویڈ کی صورتحال پر قابو پالیا تھا لیکن انہوں نے اسے پیچیدہ بنا دیا۔جلپائی گوڑی میں ایک ریلی میں ممتابنرجی نے مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ زیادہ تر لوگوں کوویکسین کی ریاست کی درخواست کاکوئی جواب نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ لوگوں کو ویکسین لگانے سے بیماری کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔الیکشن کمیشن کے 24 گھنٹوں تک انتخابی مہم پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کے بارے میں انہوں نے کہاہے کہ کیا یہ غلطی ہے کہ ہندوؤں ، مسلمانوں اور دیگر کو مل کر ووٹ ڈالیں؟ وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں کیا کہنا ہے جو ہر انتخاب میں میرا مذاق اڑاتے ہیں،انھیں انتخابی مہم سے کیوں نہیں روکاگیا؟