بنگال میں 20 اور آسام میں 6 ریلیاں کریں گے وزیر اعظم مودی

نئی دہلی:انتخابی ریاستوں میں انتخابی مہم کے لئے بی جے پی کے قدآور لیڈر کمربستہ ہوگئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق بنگال اور آسام کے انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کی ریلیاں ہوں گی۔ وزیر اعظم مودی بنگال میں 20 ریلیاں کریں گے جب کہ ہمسایہ ریاست آسام میں وزیر اعظم کی 6 ریلیاں ہوں گی۔ بنگال یونٹ کی طرف سے پی ایم مودی کی 25 سے 30 ریلیاں منعقد کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا ، لیکن فی الحال 20 ریلیاں منظور ہوچکی ہیں۔ریلیوں کا آغاز 7 مارچ کو کولکاتہ کے بریگیڈ گراؤنڈکی ریلی سے ہوگا۔ دیگرریلیوں کے لیے ابھی مقام اور وقت کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ وہیں وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے صدر جے پی نڈا بنگال میں 50-50 انتخابی ریلیوںسے خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں کانگریس اور بائیں بازو نے بریگیڈ ریلی میدان میں ایک بہت بڑی ریلی نکالی تھی۔ اس ریلی میں جمع ہجوم نے سب کی توجہ اپنی طرف مبذول کی تھی۔ بنگال میں پہلی بار بی جے پی بھگوا پرچم لہرانے کے لیے کمر بستہ ہے۔ 7 مارچ کو وزیر اعظم کولکاتہ کے بریگیڈ گراؤنڈ میں ایک بڑی ریلی کریں گے۔ بی جے پی اس ریلی کے ذریعہ ریاست بھر میں اپنا پیغام پھیلانا چاہتی ہے۔بی جے پی قائدین اور کارکنان اس ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔ بی جے پی کا ہدف تقریبا 10 لاکھ افراد کو بریگیڈ گراؤنڈ میں لانا ہے۔ بی جے پی اس ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے ڈور ٹو ڈدور مہم چلارہی ہے۔