بنگال انتخابات:ٹی ایم سی میں شامل ہوئے کرکٹر منوج تیواری

کولکاتہ:مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان جلد ہونے جارہا ہے۔ قبل ازیں سابق کرکٹر منوج تیواری نے آج حکمران ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ ٹی ایم سی میں شمولیت کے بعد منوج تیواری نے ٹویٹ کیا ہے اور لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی حمایت کریں۔منوج تیواری نے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ آج سے ایک نیا سفر شروع ہوتا ہے، آپ کی محبت اور تعاون کی ضرورت ہے۔منوج تیواری نے سیاست کے لئے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی بنایا ہے۔اس سے قبل کل منوج تیواری نے کہا تھا کہ مجھے مشکل پچ پر ترنمول کانگریس کے لیے بیٹنگ کرنا ہے، میں بہت زیادہ ہوم ورک کے بعد سیاست میں آرہا ہوں۔ کرکٹ کھیل کر بہت کچھ حاصل کیا اور اب وقت آگیا ہے کہ لوگوں کے لیے کام کروں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خود غربت دیکھی ہے، اس لیے میں جانتا ہوں کہ ان لوگوں کی تکلیف کیا ہے، میں ان کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں۔ بتادیں کہ ہاوڑہ میں پیدا ہوئے 35 سالہ منوج تیواری نے 2008 میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم میں قدم رکھا تھا اور انہوں نے ٹیم انڈیا کے لیے آخری ون ڈے جولائی 2015 میں کھیلا تھا۔ ہندوستان کے لیے انہوں نے 12 ون ڈے، تین ٹی 20 میچ کھیلے۔ انہوں نے ون ڈے میں مجموعی طور پر 287 رنز بنائے۔