بنگال اسمبلی الیکشن کی تیاری،مودی کولکاتہ میں درگا پوجاکاافتتاح کریں گے

نئی دہلی:بی جے پی نے اگلے سال مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے۔ 22 اکتوبر کو وزیر اعظم نریندر مودی دارالحکومت کولکاتہ میں درگا پوجا کا افتتاح کریں گے۔سوال یہ ہے کہ جب سرکاری خرچ پرآسام میں مذہبی ادارہ نہیں چل سکتاہے تومذہبی پروگرام میں وزیراعظم کی شرکت کیسے ہوسکتی ہےاورسرکاری مشنری کااستعمال کیسے ہوسکتاہے۔ ابھی یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ آیا وزیر اعظم مودی خود کولکاتہ جاتے ہیں یا وہ کورونا وائرس کے سبب ورچوئل پوجا پروگرام میں شریک ہوں گے۔مغربی بنگال میں نورتری بڑی دھوم سے منائی جاتی ہے۔ نوراتری 17 اکتوبر سے شروع ہورہی ہے۔ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اس بار بی جے پی درگا پوجا کے ذریعہ لوگوں پراثراندازہونے اورسیاست کی کوشش کررہی ہے۔یہی وجہ ہے کہ بی جے پی کی ریاستی اکائی نے پی ایم مودی کو درگاپوجا میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔صرف یہی نہیں ، بتایا جارہا ہے کہ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا بھی 19 اکتوبر کوسلی گوڑی میں درگاپوجا میں شامل ہونے جارہے ہیں۔ اس سے قبل 17 کو وزیر داخلہ امیت شاہ اس تقریب میں شرکت کرنے جارہے تھے ، لیکن احمد آباد میں قیام کے سبب ان کا بنگال کا دورہ منسوخ کردیا گیا ہے۔