بی سی سی آئی کا اجلاس 24 دسمبر کو،آئی پی ایل کی دو نئی ٹیموں پرفیصلہ

نئی دہلی:ہندوستانی کرکٹ بورڈ کا سالانہ عام اجلاس 24 دسمبر کو ہوگا جس میں آئی پی ایل میں دو نئی ٹیموں کو شامل کرنے، تین نئے قومی سلیکٹرز کی تقرری اور آئی سی سی میں ہندوستان کے نمائندے کے تقرر ی کا فیصلہ ہوگا ۔اجلاس کے ایجنڈے میں نئے نائب صدر کا انتخاب بھی شامل ہے۔ بی سی سی آئی نے اے جی ایم کو بلانے سے پہلے تمام منظورشدہ یونٹس کو 21 دن پہلے 23 نکات کا ایجنڈا بھیجا ہے۔اس میں سب سے اہم نکتہ آئی پی ایل میں دو نئی ٹیموں کو دس ٹیموں کا ٹورنامنٹ بنانے کے لیے  شامل کرنا ہے۔خیال کیا جاتا ہے کہ اڈانی گروپ اور سنجیو گوینکا کی آر پی جی (رائزنگ پونے سپرجائنٹس کے مالکان) نئی ٹیمیں تشکیل دینا چاہتے ہیں، ان میں سے ایک ٹیم احمد آباد سے ہوگی۔اجلاس میں اس بارے میں بھی بات کی جائے گی کہ آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل میں بی سی سی آئی کا نمائندہ کون ہوگا۔ خیال کیا جارہا ہے کہ بورڈ سکریٹری جئے شاہ کو یہ ذمہ داری سونپی جائے گی۔سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے ساتھ تین نئے سلیکٹرز کا بھی انتخاب ہونا ہے۔بورڈ کے ایک سینئر ذرائع نے بتایاکہ سلیکشن کمیٹی کرکٹ کمیٹی کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ تکنیکی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔ یہ سب ذیلی کمیٹیاں ہیں۔ امپائروں کی ذیلی کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے متعلق امور بھی زیربحث ہوں گے۔ بات چیت میں ہندوستان کے 2021 کے مستقبل کے ٹور شیڈول، اگلے سال کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری اور 2028 کے لاس اینجلس گیمز میں کرکٹ کو شامل کرنے کے مطالبہ جیسے معاملات پر بھی گفتگو ہوگی۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*