کولکاتہ : ”بزم ادب کولکاتہ“ کے سرپرست جناب قمر الدین ملک کی میزبانی میں امپیریل اپارٹمنٹ کے خوبصورت کمیونٹی ہال میں بزم ادب کولکاتہ کی تجدید نو کے بعد پہلی ادبی نشست کا اہتمام دہلی سے تشریف لائے ملک کے معروف افسانہ نگار، شاعر و ادیب جناب پرویز شہریار کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تقریب کا آغاز بزم کے صدر اختر حسین کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بزم کے اعزازی جنرل سیکریٹری نعیم انیس نے خیر مقدمی کلمات میں بزم کا تعارف کراتے ہوئے اس کے ادبی سفر پر روشنی ڈالی۔ بزم کے سرپرست جناب نثار احمد اور جناب قمر الدین ملک نے بھی حاضرین مجلس سے خطاب کیا۔
اس موقع پر کولکاتہ سے شائع ہونے والے سہ ماہی ادبی میگزین ”فکر و تحریر“ کے نئے شمارے کی رسم رونمائی عمل میں آئی۔ اس ادبی نشست میں ایک مشاعرہ بھی ہوا جس میں دہلی اور کولکاتہ کے ممتاز شعراء نے اپنے خوبصورت اور معیاری کلام سے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ مشاعرے میں جناب پرویز شہریار، جناب اکرم آذر، جناب خواجہ مومن، جناب منظور عادل، جناب نوشاد مومن، جناب مہتاب سلم، جناب ارشاد آرزو، جناب نسیم فائق، جناب شاہد علی دلکش، جناب شاہد اقبال، اور جناب احمد معراج نے شرکت کی۔
نشست کے دوران شرکاء نے بزم ادب کولکاتہ کی تجدید نو کو ایک اہم اقدام قرار دیا اور اس کی مستقبل کی سرگرمیوں کے حوالے سے قیمتی تجاویز پیش کیں۔ بزم ادب کولکاتہ نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ نئی نسل کو ادب سے جوڑنے اور اردو زبان و ادب کو فروغ دینے کے لیے مختلف ادبی سرگرمیوں کا انعقاد کرے گی۔
آخر میں شکریہ کی رسم بزم ادب کولکاتہ کے سرپرست محمد جمال صاحب نے ادا کی اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ نشست کا اختتام دعائیہ کلمات کے ساتھ ہوا۔