بات کرنے سے ڈرتے کیوں ہیں وزیر اعلی نتیش کمار، کیا انہیں شرم آتی ہے؟: تیجسوی یادو

نئی دہلی:بہار میں اسمبلی انتخابات کو لے کر سرگرمیاں تیزی ہوگئی ہیں۔ اسی کے ساتھ حکمراںپارٹی اور اپوزیشن کے مابین لفظی جنگ بھی بڑھتی جارہی ہے۔ بہار کے سابق نائب وزیر اعلی اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی نے ایک بار پھر وزیر اعلی نتیش کمار کو نشانہ بنایا ہے۔ تیجسوی یادو نے نتیش کمار پر بے روزگاری کے معاملے پر بات کرنے سے بچنے کا الزام عائد کیا ہے۔تیجسوی یادو نے جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار بے روزگاری کے بارے میں بات کرنے سے کیوں ڈرتے ہیں؟ کیا بہار کو بے روزگاری کا اہم مرکز بنانے کے بعد شرم محسوس کرتے ہیں؟ کیا نوکریوں میں دھاندلی اور بہار کی صنعتیں بند کروانے کے بعد بھی وہ نوجوانوں کو گمراہ کر کے مزید دھوکہ دینا چاہتے ہیں؟یہ پہلا موقع نہیں ہے جب تیجسوی یادو نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو ملازمت کے معاملے پر گھیرنے کی کوشش کی ہے۔ منگل کے روزبھی تیجسوی یادو نے ملازمت کو لے کر حکومت کو نشانہ بنایاتھا۔ انہوں نے کہا تھاکہ بے روزگاری اس ملک کا سب سے اہم مسئلہ ہے، لیکن یہ حکومت کی ترجیح میں نہیں ہے۔ کروڑوں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، یہاں نوکریاں ختم ہو رہی ہیں، بہار میںسب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔ ڈبل انجن کی سرکار نے بہار کو بے روزگاری کا مرکز بنادیا ہے۔