بلیا:اترپردیش (یوپی) کے بلیا اسمبلی حلقہ سے بی جے پی ایم ایل اے سریندر سنگھ نے کہا ہے کہ یوپی میں بڑھتی ہوئی جنسی زیادتی کے واقعات کی وجہ لڑکیوں کا ناشایستہ اور غیر مہذب ہونا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تمام والدین کا یہ دھرم ہونا چاہیے کہ وہ اپنی جوان بیٹی کو مہذب ماحول میں رہنے ، چلنے اور شائستہ طرز عمل سکھائیں۔ یہ واقعات صرف لڑکیوں کے مہذب ہونے سے ہی رک سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات این ڈی ٹی وی کے ذریعے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہی۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ کہا جاتا ہے کہ یوپی میں رام راجیہ چل رہا ہے ، لیکن اس رام راجیہ میں عصمت دری کے واقعات بھی پیش آرہے ہیں، اس کی کیا وجہ ہے؟ اس پر سنگھ نے کہا کہ "میں ایم ایل اے ہونے کے ساتھ ایک استاد بھی ہوں۔ ان واقعات کو صرف سنسکاروں کے ذریعہ ہی روکا جاسکتا ہے ، یہ حکومت اور تلوار سے رکنے والے نہیں ہیں‘‘۔ ایم ایل اے نے کہا کہ "یہ والدین کا دھرم ہونا چاہیے کہ وہ اپنی نو عمر بیٹیوں کو مہذب ماحول میں رہنا اور شایستہ طرز عمل سکھائیں۔ یہ سب کا دھرم ہے ، میرا بھی دھرم ہے ، حکومت کا بھی دھرم ہے وہیں خاندان کا بھی دھرم ہے کہ بچوں کو اخلاق سکھائیں۔ سرکار اور سنسکار مل کرہی ملک کو ایک خوبصورت شکل دے سکتے ہیں۔ کوئی اور آگے نہیں آنے والا ہے۔ "