باجپٹی سے رالوسپا امیدوار ریکھا گپتا نے پرچہ نامزدگی داخل کیا

سیتامڑھی:(شکیب الاسلام) سیتامڑھی ضلع کے باجپٹی وھان سبھا حلقے سے رالوسپا امیدوار ریکھا گپتا نے سی او آفس میں جاکر اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا۔ بہار میں گرانڈ ڈیموکریٹک الائنس سے ریکھا گپتاکو امید وار بنایاگیا ہے۔ان کا انتخابی نشان پنکھا ہے۔ انھوں نے اپنے کارکنان کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس موقعے پر عوام میں کافی جوش وجذبہ دیکھا گیا۔
’نامانکن پروگرام‘ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں رالوسپا کے صدر اور سابق مرکزی وزیر اوپیندر کشواہا بھی شریک رہے اور نامانکن پروگرام کو خطاب کیا اور ریکھا گپتا کو بھاری ووٹوں سے کامیابی دلانے کی اپیل کی۔ انہوں نے لالو یادو اور نتیش کمار کے زمانۂ اقتدار کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ ان کی حکومتوں میں بہار کے ساتھ جو ناانصافی کی گئی ہے، وہ کسی سے مخفی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں اب تبدیلی کی ضرورت ہے تاکہ صحیح طریقے سے ترقیاتی منصوبوں کو پورا کیا جاسکے۔
اس موقعے پر مجلس اتحاد المسلمین کے لیڈر سیف الاسلام مدنی نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے اور اس بات کی مکمل امید ہے کہ باجپٹی ودھان سبھا سے ریکھا گپتا کامیاب ہوں گی۔ وہ ایک قابل لیڈر ہونے کے ساتھ خوش اخلاق اور علاقے کےلئے کام کرنے کا جذبہ رکھتی ہیں۔ باجپٹی ودھان سبھا کے ووٹرس کو چاہئے کہ وہ ہر حال میں ان کو کامیاب بنائیں اور علاقے کی ترقی میں میں نمایاں کردار ادا کریں۔ اس موقعے پر حامد رضا خان، مدن رام بھولا داس، بلرام، بیجندرمکھیا، شفیع الدین فلاحی، قطب الدین صدیقی، عبدالصمد، محمد افروز، شیو کمار، شیام بہاری سمیت سیکڑوں لوگ موجود تھے۔