بین الاقوامی نوجوان اردو اسکالرز انجمن کی بہار شاخ کا قیام

میرٹھ:حالیہ دنوں میں اردو کے نوجوانوں کی صحیح سمت رہنمائی کی غرض سے شعبہء اردو ، چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی، میرٹھ کے صدر پروفیسر اسلم جمشید پوری کی پہل پر ایک عالمی تنظیم ، بین الاقوامی نوجوان اردو اسکالرز انجمن International Young Urdu Scholar Association (IYUSA)،آئیوسا کا قیام عمل میں آیا تھا۔ آئیوسا کی صوبائی ، قومی اور بین الاقوامی سطح پرشاخوں کا قیام بھی عمل میں آرہا ہے۔
آئیوسا کے مشیر اعلیٰ پروفیسر اسلم جمشیدپوری نے بتایا کہ ہندوستان کے مختلف صوبوں میں انجمن کی شاخوں کے قیام کا عمل جاری ہے۔ گذشتہ دنوں آئیوسا کی بنگال شاخ کا افتتاح بھی عمل میں آچکا ہے۔ بہت خوشی کی بات ہے کہ بہار کی تنظیم بھی قائم ہو چکی ہے۔10؍ اکتوبر بروز جمعرات کو گوگل میٹ پر بہار شاخ کے افتتاحی پروگرام میں معروف اسکالر اورسابق شیخ ا لجامعہ، پروفیسر اعجاز علی ارشد صدارت فرمائیں گے۔جبکہ پروفیسر حامد علی خان اور پروفیسر ارشد مسعود ہاشمی مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ اس موقع پرپروفیسر جاوید حیات مہمان ذی وقار ہوںگے۔ ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی ( کو آرڈینیٹر) اور ڈاکٹر اکبر علی (کوآرڈینیٹر)کے زیر نگرانی آئیوساکی بہارشاخ نے شروع کر دیا ہے۔پندرہ ممبران پر مشتمل اس کمیٹی میں ایک کنوینر اورچودہ مجلس عاملہ کے اراکین کی نامزدگی کی گئی ہے۔ جو اس طرح ہے۔ ڈاکٹر منہاج الدین(کنوینر) ، ڈاکٹرزرنگار یاسمین، ڈاکٹر قاسم اختر، ڈاکٹر مسرت جہاں،ڈاکٹر فیروز عالم، محترم عارف حسین،محترم کامران غنی صبا،ضیاء اللہ انور،محترم اویناش امن،محترم شاہد وصی، محترم محمد عطاء اللہ، محترم محمد عارف حسین،محترم حزیفاشاکی، محترمہ رومانہ تبسم اورمحترم فیضان حیدر مجلس عاملہ کے اراکین کی حیثیت سے شامل ہیں۔