بابری مسجد کی اٹھائیسویں برسی،اویسی بولے:آنے والی نسل کے ذہن میں بابری مسجدکی یاد تازہ رکھیں

نئی دہلی:بابری مسجدکی شہادت کی برسی کے موقع پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ٹویٹ کیا ہے اور اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی نسلوں کو یاد دلائیں کہ 400 برسوں تک بابری مسجد ایودھیا میں کھڑی رہی۔ اویسی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل سے لکھا ہے کہ آنے والی نسلوں کو بتائیں کہ بابری مسجد چار سو سال تک ایودھیا میں کھڑی رہی۔ ہمارے آباء و اجدادنے ایک ساتھ وہاں نماز پڑھی اور روزے کھولے۔اس کے بعد اویسی نے ایک اور ٹویٹ میں کہاہے کہ وہ اس ناانصافی کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے لکھاہے کہ1992 میں اس دن ساری دنیا کے سامنے مسجد منہدم کردی گئی تھی۔ اس کے ذمہ داران کو ایک دن کی بھی سزا نہیں دی گئی ۔ ایودھیا میں بابری مسجدکی شہادت کی برسی کے پیش نظرآج سیکیورٹی سخت کی گئی تھی۔ ضلع میں آج اس سے منسلک کسی بھی پروگرام کی اجازت نہیں تھی۔