بہار: ایلوپیتھ کیخلاف گمراہ کن بیان بازی پر آئی ایم اے کا فیصلہ ،بابا رام دیو کیخلاف 50 تھانوں میں ایف آئی آر درج کیا جائے

پٹنہ:نام نہاد یوگ گرو رام دیو کے ایلوپیتھ کے خلاف بیان بازی کے بعد شروع ہونے والی آیور ویدک بمقابلہ ایلوپیتھ نامی جنگ بہار میں بھی زور پکڑ رہی ہے۔ نام نہاد یوگ گرو رام دیو کے خلاف ڈاکٹروں میں اشتعال کے بعد اب انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) کے بہار یونٹ نے کارروائی کی تیاری کرلی ہے۔ اتوار کے روز پٹنہ میں منعقدہ آئی ایم اے میٹنگ میں بابا رام دیو کیخلاف ریاست کے 50 تھانوں میں مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے لیے تمام برانچ ممبران کو تیار کرلیا گیا ہے۔ سابق آئی ایم اے صدر ڈاکٹر بمل کارک کا کہنا ہے کہ تمام تھانوں میں ایک ایک کرکے ایف آئی آر درج کیا جائے گا ۔آئی ایم اے بہار کے ورکنگ صدر ڈاکٹر اجے کمار ، ریاستی سکریٹری ڈاکٹر سنیل کمار نے میٹنگ کے دوران کہا کہ رام دیو نے ایلوپیتھ ، ویکسی نیشن اور دوائیوں کے خلاف گمراہ کن بیان بازی کی ہے ۔ انہوں نے کرونا میں فوت شدگان کی بھی توہین کی ہے، اس وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریاست کی مختلف شاخوں کے ممبران اپنے اپنے متعلقہ تھانے میں نام نہاد یوگ گرو رام دیو کے خلاف مقدمہ درج کریں ۔