اعظم خان اور ان کے بیٹے کی ضمانت کی درخواست خارج کردی گئی

الہ آباد:اترپردیش کے رام پور سے تعلق رکھنے والے سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ محمد اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم خان کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے۔جسٹس سنت کمارپرمشتمل سنگل بنچ نے فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے 19 نومبر کو دونوں طرف سے بحث مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اس وقت اعظم خان ، اہلیہ تزئین فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم سیتا پور جیل میں بند ہیں۔ اعظم خان رام پور میں سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے اورجوہر یونیورسٹی میں وقف کی جائداد کو شامل کرنے اور اپنے بیٹے کی جعلی عمر کا سرٹیفکیٹ بنانے کے الزام میں جیل میں ہیں۔ ان کے ساتھ ان کی اہلیہ اور بیٹابھی ہیں۔