مسعود جاوید
انگریزی استعماریت کے خلاف سب سے پہلے مسلمانوں نے پہلی جنگ ١٨٥٧ میں لڑی اس لئے کہ انگریزوں کی استعماریت کو ہندوستان، مسلمان اور اسلام کے لئے خطرے کو علما نے محسوس کر لیا تھا۔ ظاہر ہے متعدد اسباب کی بنا پر اس جنگ میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ۔ انگریز اور انگریز کے پروردہ مورخین نے اسے غدر، بغاوت اور mutiny کہا۔ بدقسمتی سے مسلمان بھی اس جنگ کو غدر یا بغاوت کہتے ہیں بعض مصنفین نے بھی اپنی کتابوں کا عنوان اسی محرک کے تحت ‘اسباب بغاوت ہند’ رکھا۔ ہمارے پاس 1857 سے 1947 تک کی جنگ آزادی کی طویل جد وجہد کی تاریخ ہے، ہمارے پاس مسلمانوں اور بالخصوص علما کی قربانیوں کی قابل فخر روداد ہے، ان حقائق کو پڑھنے اور نئی نسل کو پڑھانے اور سنانے کے لیے متعدد معتبر کتابیں ہیں لیکن افسوس ہم نے اس طرف کبھی توجہ نہیں دی ۔ اس کی بجائے ہم بعض لوگوں کے ذریعے پھیلاۓ بھرم ، فیک نیوز/پوسٹ کا سہارا لیتے ہیں۔
سچر کمیٹی رپورٹ کے مطابق مسلمانوں کی حالت دلتوں سے بھی بدتر ہے۔ اس کے لئے کچھ تو حکومت ذمہ دار ہےاور کچھ خود ہم ۔ دلتوں سے ابتر کی ایک چھوٹی سی مثال : امبیڈکر جینتی جس ہرش و اتساہ کے ساتھ منائی جاتی ہے کیا آزاد جینتی بھی کسی کو یاد رہتی ہے ؟ ہم نے خود اس معمارِہند کو بھلا دیا تو حکومت کی سردمہری کے تو کئی اسباب ہیں اس سے کیا شکوہ۔
بعض شعلہ بیان مقررین اور خود فریبی کے شکار لکھاری حضرات اس طرح کی غلط بیانی سے لوگوں کے اندر جوش بھرتے رہتے ہیں اور وقفہ وقفہ سے ایسی باتیں پوسٹ کرتے رہتے ہیں۔
یہ ایسا ہی ہے جیسے بہت سے واعظین جلسہ گاہوں اور منبروں سے من گھڑت احادیث، روایات اور بزرگوں کے کشف و کرامات بیان کرتے ہیں یا ایسی من گھڑت اور ضعیف حدیثوں پر مشتمل کتابوں کو پڑھتے پڑھاتے ہیں، سوال کرنے پر جواب دیا جاتا ہے کہ ترغیب و ترہیب کے لئے اس طرح کے باتیں سنائی جاتی ہیں۔ بعض مساجد میں نماز کے بعد اس کے پڑھنے کا اہتمام اتنی شدت سے ہوتا ہے کہ ناغہ کرنے والے امام صاحب کی چھٹی کر دی جاتی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ دیکھا، جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ "انڈیا گیٹ کی دیواروں پر کل 95,300 مجاہدین آزادی کے نام کندہ ہیں جن میں 61350 مسلمان، 8050 سکھ، 14480 پسماندہ، 10777 دلت اور 598 اونچی ذات کے تھے سنگھی صفر”ـ
جبکہ ویکیپیڈیا کے مطابق :
١- انڈیا گیٹ کی تعمیر کا کام 1921 میں شروع ہوا تھا اور 1931 میں اس کی نقاب کشائی کرکے افتتاح ہوا تھا ۔ یعنی جنگ آزادی 1947 سے 16 سال قبل۔
٢- کل 13,300 نام کندہ ہیں۔
٣- انڈیا گیٹ عالمی جنگ اول میں برطانوی-ہندوستانی فوج کے تحت فرانس اور دیگر ممالک میں 1914 سے 1921 کے درمیان 70،000 جان گنوانے والے فوجیوں کی یاد میں بنایا گیا تھا۔
٤- انڈیا گیٹ کی دیواروں پر کل 13,300 فوجیوں بشمول انگریز فوج، کے نام کندہ ہیں نہ کہ 95,300