اجودھیا:دھنی پورکی مسجد کا ڈیزائن تیار،2 ہزار افراد نماز پڑھ سکیں گے

دھنی پور:اجودھیاکے دھنی پورمیں مسجد کابلیوپرنٹ تیار کرلیا گیا ہے۔ معلومات کے مطابق اس مسجد میں 2000 افراد ایک ساتھ نماز پڑھ سکیں گے جو بابری مسجد کے مساوی علاقے میں بنی ہے۔انڈواسلامک کلچرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ نے اسے ڈیزائن کیاہے۔اہم بات یہ ہے کہ ایودھیا میں سپریم کورٹ کی ہدایت پر ریاستی حکومت نے دھنی پور گاؤں میں پانچ ایکڑ اراضی مسجدبنانے کے لیے دی ہے۔ فاؤنڈیشن نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پروفیسرکو اس زمین پر مسجد ، اسپتال ،انڈو-اسلامک ریسرچ سنٹر اور کمیونٹی باورچی خانے کے ڈیزائننگ کی ذمہ داری دی جو محکمہ فن تعمیر کے پروفیسر ہیں۔یہ ذمے داری ایس ایم اخترکو دی گئی ہے۔ مسجد کی عمارت کا ڈیزائن ، جو15000 مربع فٹ میں تعمیرکیاجانا ہے ، تیار ہے۔ اس میں مسجد کو پرانی شکل سے ہٹ کر ایک جدید شکل دی گئی ہے۔ اس کے دونوں مینارکوجدید انداز میں ڈیزائن کیاگیاہے۔یہ مینار سیدھے نظر نہیں آئیں گے، ہلکے کروی نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ شمسی توانائی کو مسجد میں روشنی کے لیے استعمال کیاجائے گا۔ مسجدمیں سولر پینل لگائے جائیں گے۔