Home قومی خبریں اورنگ آباد میں مہاتما گاندھی کی 151 ویں سالگرہ انوکھے انداز میں منائی گئی، طلبہ و طالبات کے درمیان ماہنامہ بچوں کی دنیا کی 500 کاپیاں تقسیم

اورنگ آباد میں مہاتما گاندھی کی 151 ویں سالگرہ انوکھے انداز میں منائی گئی، طلبہ و طالبات کے درمیان ماہنامہ بچوں کی دنیا کی 500 کاپیاں تقسیم

by قندیل

اورنگ آ باد:مہاتماگاندھی کی 151 ویں سالگرہ انوکھے انداز سے منائی گئی۔ ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان دہلی سے شائع شدہ گاندھی جی کی 151 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ماہنامہ بچوں کی دنیا مختلف گلیوں سڑکوں اور محلوں میں تقسیم کیا گیا ۔ فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر مرزاعبدالقیوم ندوی نے بتایاکہ گزشتہ پانچ برسوں سے 2؍ اکتوبرگاندھی جینتی،۱۵ ؍اکتوبرڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اور 17؍ اکتوبر سر سید احمد خان کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے طلباء میں ماہنامہ بچوں کی دنیااور دیگررسائل و جرائدکے ساتھ ان شخصیات کی زندگی پرشائع کتابوں کا مطالعہ کرنے کا اہتمام کرایا جاتا ہے۔ امسال پوری دنیامیں بڑے دھوم و عقیدت کے ساتھ گاندھی جی کی 151 و یں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ ملک بھر میں الگ الگ پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔
کویڈ19 کی وجہ سے اسکول بند ہیں جس کی وجہ سے فاؤنڈیشن نے یہ پروگرام بنایاکہ طلباء کو ان کے گھروں اور محلوں میں جا کر کتابیں تقسیم کی جائیں۔ آج صبح ہی سے شہر کی غریب بستیوں نارے گاؤں، مصر واڑی، بائجی پورہ، قیصر کالونی میں ’’بچوں کی دنیا‘‘تقسیم کیا گیا۔مرزا نے یہ بھی کہا کہ وہ گزشتہ 5 سالوں سے اورنگ ا ٓباد،مراہٹواڑہ کے مختلف اسکولوں میں ملک کی مشہور شخصیتوں کے یومِ پیدائش و یومِ وفات کی مناسبت سے ان کی زندگیوں پرشائع کتابوں کو مفت تقسیم کر طلباء میں مطالعہ کا شوق پیدا کر رہے ہیں، ساتھ ہی طلباء و سرپرستوں کو کتابیں خرید کر پڑھنے کی ترغیب بھی دی جاتی ہے ۔ ابھی تک انہوںنے18500؍ کتابیں طلباء و عوام میں مفت تقسیم کی ہے۔ واضح رہے کہ قومی کونسل دہلی سے شائع ’’ماہنامہ بچوں کی دنیا ‘‘ ملک بھر میں سب سے زیادہ اورنگ آباد شہر ہی میں فروخت ہوتا ہے جسے یہاں کے طلباء بڑے پابندی سے خرید تے ہیں ۔ مرزاعبدالقیوم ندوی نے گزشتہ چھ سالوں میں اس رسالے کی ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت کرکے عالمی ریکارڈ بنایا ہے۔

You may also like

Leave a Comment