Home مقبول ترین آسام میں پولیس کی بربریت ،درجنوں افراد جاں بحق،متعدد زخمی

آسام میں پولیس کی بربریت ،درجنوں افراد جاں بحق،متعدد زخمی

by قندیل

گوہاٹی: آسام کے درانگ ضلع میں آج مبینہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس اور مقامی لوگوں کے درمیان شدید جھڑپ دیکھی گئی۔ جھڑپ میں متعدد پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ کئی عام شہری بھی زخمی ہوئے۔ اس دوران پولیس اہلکاروں نے فائرنگ بھی کی جس کی زد میں آکر کئی لوگ جاں بحق ہوگئے۔ پولیس اہلکاروں نے لوگوں پر لاٹھی اور ڈنڈوں کا بھی استعمال کیا،جس کی دل دہلادینے والی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔ ایک تصویر میں مبینہ طورپر ایک شخص جس کی گردن میں کیمرہ لٹکا ہوا ہے اور وہ صحافی لگ رہا ہے وہ ایک مردہ شخص پر کود پھاند کرتا نظر آرہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ آسام کے درانگ ضلع میں آج سہ پہر تشدد پھوٹ پڑا۔ ڈھالپور میں بے دخلی مہم کے دوران پولیس کی فائرنگ سے دو شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف ریاستی حکومت کی مہم کے ایک حصے کے طور پر آسام پولیس آج سپا جھر کے دھالپور میں لوگوں کو ہٹانے کیلئے گئی تھی، جہاں اسے مقامی لوگوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے پولیس اور مقامی لوگوں کے درمیان تصادم ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق 10 ہزار سے زائد تجاوزات خالی کرنے کی مہم کے خلاف لوگ احتجاج کر رہے تھے۔ دوسری طرف کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اس واقعہ کے بارے میں ٹویٹ کیا اور کہاہےکہ آسام میں حکومت کی سرپرستی میں آگ لگی ہوئی ہے۔ میں ریاست میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔

You may also like

Leave a Comment