Home اسپورٹس ایشیا کپ 27 اگست سے سری لنکا میں کھیلا جائے گا

ایشیا کپ 27 اگست سے سری لنکا میں کھیلا جائے گا

by قندیل

نئی دہلی:سال 2022 میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہونے والے ایشیا کپ کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 27 اگست سے شروع ہوگا جس کا فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے یہ فیصلہ سالانہ اجلاس (AGM) میں کیا ہے۔ تاہم مکمل شیڈول اور گروپ کے بارے میں ابھی تک معلومات دستیاب نہیں ہیں۔واضح رہے کہ سال 1984 میں شروع ہونے والا ایشیا کپ پہلے ون ڈے ٹورنامنٹ تھا لیکن سال 2016 میں اسے پہلی بار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا گیا۔ اس سال ایشیا کپ دوسری بار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ اسے پہلے سال 2020 میں کھیلا جانا تھا لیکن کورونا وائرس کی مسلسل لہروں کے درمیان اب تک اس کا انعقاد نہیں ہوسکا۔ اس بار اس کے ایونٹ کے شیڈول کا حتمی فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کی اے جی ایم میں کیا گیا۔اب تک 14 مرتبہ ایشیا کپ کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ ہر دو سال بعد منعقد کیا جاتا ہے، حالانکہ اس دورانیے میں ہمیشہ کسی نہ کسی وجہ سے اضافہ ہوتا رہا ہے۔ کبھی کبھی چار سال کے عرصے میں بھی ایسا ہوا ہے۔ اب تک منعقدہ کل 14 مقابلوں میں ہندوستان سب سے کامیاب ٹیم رہی ہے۔ ہندوستان نے یہ ٹورنامنٹ 7 بار جیتا ہے۔ سری لنکا 5 بار اور پاکستان 2 بار یہ ٹائٹل جیت چکا ہے۔ بنگلہ دیش ایک بار بھی ایشیا کپ نہیں جیت سکا۔ حالانکہ وہ تین بار رنر اپ رہا ہے۔ایشیا کپ 2022 میں چھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ہندوستان ، سری لنکا، پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان کے ساتھ کوالیفائر ٹیم ہوگی۔ کوالیفائر میچز متحدہ عرب امارات، کویت، سنگاپور اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 20 اگست 2022 سے ٹورنامنٹ کے آغاز سے عین قبل کھیلے جائیں گے۔

You may also like

Leave a Comment