Home قومی خبریں بزرگ شاعر و ادیب اشعر رام نگری کا انتقال

بزرگ شاعر و ادیب اشعر رام نگری کا انتقال

by قندیل

موجودہ عہد کے ممتاز و نامور ادیب بے باک صحافی و اسلام پسند شاعر حضرت تاج الدین اشعر رام نگری کا گزشتہ شب ضعیف العمری کے سبب طویل علالت کے بعد ان کی رہائش گاہ پر 96 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ وہ بنیادی طور پر صحافی تھے ۔ عمر کا بڑا حصہ صحافت کے پیشے سے وابستہ رہے مشرقی اتر پردیش کے کثیر الاشاعت اخبار روزنامہ قومی مورچہ بنارس کے مدیر رہے۔ اس میں شائع ہونے والے ان کی مضامین اور اداریہ اہل علم و دانش میں بڑی وقعت کی نگاہ سے دیکھے اور پڑھے جاتے تھے لیکن انہیں طبعی مناسبت شاعری سے تھی یہ چیز ان کو خاندانی طور پر ورثے میں ملی تھی۔موصوف شاعری کی تمام اصناف میں کمال رکھتے تھے۔ نظم،غزل،مسدس، مخمس یا مثلث، رباعی ہو یا حج نامہ، رخصتی،سہرا،ا قصیدہ،مرثیہ ہرصنف میں معیار کا خیال رکھتے تھے۔ جس کی وجہ سے قارئین ان کی بہت قدر کرتے تھے، معاصرین ادب میں ان کا منفرد مرتبہ تھا ۔ مرحوم اشعر صاحب کے اداریوں کے کئی مجموعے یا تو منظر عام پر آچکے ہیں یا زیر ترتیب ہیں جن میں اھدنا الصراط المستقیم مقبول خاص و عام ہے۔

اس کے علاوہ ان کے شعری مجموعوں میں متاع عقیدت نالہ ساز، موج نسیم حجاز، واشگاف اور زیر ترتیب انقلابی نظموں کے مجموعے قابل ذکر ہیں۔

بنارس میں ہر سال ہونے والے عید میلاد النبی کے مقابلے میں ان کی نعتیں اول پوزیشن حاصل کرتی تھیں۔ یہ سلسلہ تقریبا 10 سالوں تک جاری رہا۔ اشعرصاحب کو باقاعدہ مدرسہ یا اسکول کالج میں تعلیم نہ ہونے کے باوجود گھریلو تعلیم کی بنیاد پر عربی، فارسی،ہندی، اردو،سنسکرت، جیسی زبانوں پر زبردست عبور تھا یہی وجہ ہے کہ اکثر و بیشتر ان کے پاس ریسرچ اسکالرز اپنے تعلیمی مسائل کے حل کے لیے آتے تھے ساری زندگی ادب شاعری و دینیات کی خدمت کے اعتراف میں ان کو درجنوں سرکاری اور غیر سرکاری اعزازات سے سرفراز کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ سال ان کے صحافتی خدمات کے اعتراف میں ایک لاکھ روپے کا انعام اتر پردیش اردو اکیڈمی نے پیش کیا تھا ۔

ان کی تدفین آج بعد نماز جمعہ ان کے آبائی قبرستان گولاگھاٹ رام نگر بنارس میں عمل میں آئی اس موقع پر تمام مکتبہ فکر سے وابستہ اصحاب کے علاوہ ان کی شاعری اور مضامین کے دیوانے قارئین نے شرکت فرما کر نم آنکھوں سے سپرد خاک کیا جن میں مولانا غلام رسول،مولانا خورشید عالم،عتیق انصاری، شاد عباسی، انور جمال، عشرت عثمانی، ڈاکٹر شاد مشرقی،احمدا عظمی، نظام بنارسی،عالم غازی پوری، عالم بنارسی،افتخار احمد جاوید،حاجی وسیم احمد، حبیب بنارسی، عبدالمغنی، شمیم ریاض، ڈاکٹر احتشام کے نام قابل ذکر ہیں۔

You may also like