اروند کیجریوال کا دعویٰ:10 نومبر کے بعدسے دہلی میں کم ہورہے ہیں کوروناکیسز

نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز آٹھ ریاستوں کے وزرائے اعلی سے کورونا کیسزپر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات کی۔ اس اجلاس میں دہلی، مہاراشٹر، کیرالہ سمیت دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔ دریں اثنا دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بتایا کہ دہلی میں10 نومبر کو 8600 کیسزرپورٹ ہوئے لیکن اس کے بعد نئے کیسزاور پازیٹیو کیسز کی شرح کم ہو رہی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے مرکزی سرکاری اسپتالوں میں 1000 آئی سی یو بیڈز ریزرورکھنے کی بھی اپیل کی۔وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ تیسری لہر میں کیسزکی اس قدر سنگینی کی بہت سی وجوہات ہیں۔ آلودگی بھی ایک اہم وجہ ہے۔ کجریوال نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ دہلی سے ملحقہ ریاستوں میں پرالی جلانے پر روک لگوائیں۔پرالی کے حل کیلئے پوسا کا بائیوڈی کمپوزر دستیاب ہے۔