ارنب گوسوامی کو پلوامہ جیسے حساس معاملے کا پتہ کیسے چلا؟،مہاراشٹر حکومت کاسوال،کارروائی کی تیاری

ممبئی:ریپبلک ٹی وی کے چیف ایڈیٹر ارنب گوسوامی کے مبینہ واٹس ایپ چیٹس کے بعد ان کی پریشانیوں میں اضافہ ہونے والاہے۔ مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے پیرکے روزکہاہے کہ ارنب کو دو سال قبل بالاکوٹ میں ہونے والے حملے کاعلم تھا۔ ارنب کو اس طرح کی حساس چیزوں کا پتہ کیسے چلا ، یہ ایک بہت بڑا سوال ہے۔ دیشمکھ نے کہاہے کہ اس معاملے میں منگل کو کابینہ کا اجلاس ہے ، اس کے بعد فیصلہ لیا جائے گا۔مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے کہاہے کہ ہم ارنب گوسوامی اور براڈکاسٹ آڈیون ریسرچ کونسل (بی اے آر سی) کے سابق سی ای او کے چیٹ وائرل ہونے کے بارے میں مکمل معلومات لے رہے ہیں۔ اس میں بہت سی حساس چیزوں کا تذکرہ کیا گیا ہے۔انیل دیشمکھ نے کہاہے کہ دونوں چیٹس میں بالاکوٹ اور پلوامہ کے بارے میں بھی ذکر کیا گیا ہے۔ ہم اس کے بارے میں پوری معلومات لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاہے کہ ارنب گوسوامی کو ایسی حساس چیزوں کا پتہ کیسے چلا؟ ہمیں اس کے بارے میں بھی جانکاری مل رہی ہے۔مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے کہا کہ ہم پورے واقعے کے سلسلے میں منگل کے روز ایک میٹنگ کر رہے ہیں۔تب ہی ہم مزید کارروائی کا فیصلہ کریں گے۔