عارف اقبال کو صحافتی خدمات کے اعتراف میں عیسیٰ فرتاب ایوارڈ سے نوازا گیا

 

ارریہ( محمد جسیم الدین) صحافی عارف اقبال نے اپنی خدمت کی وجہ سے لوگوں کے دلوں میں عزت و مقام پیدا کیا ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار ہوٹل ایور گرین ارریہ میں صحافی عارف اقبال کے اعزاز میں شیخ زکریا ایجوکیشنل ٹرسٹ کی جانب سے منعقد الوداعیہ تقریب سے صدارتی خطاب پیش کرتے ہوئے ماہر تعلیم الحاج ماسٹر محسن نے کیا۔ ماسٹر محسن نے کہا کہ عارف اقبال نے اپنے تین سالہ مدت میں ارریہ کے بے شمار مسائل اٹھائیں اور مقامی نمائندوں کی توجہ اس جانب مبذول کرائی۔ آج یہ ہم سے جدا ہو رہے ہیں، ان کے مستقبل کے لئے ہماری نیک خواہشات پیش ہیں۔ اس موقع پر حاضرین نے عارف اقبال کو پھول مالا پہنا کر ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف کیا اور شیخ زکریا ٹرسٹ کی جانب سے عیسیٰ فرتاب ایوارڈ سے بھی نوازا۔

آزاد اکیڈمی ہائی اسکول کے مؤقر استاذ الحاج ارشد انور الف نے کہا کہ عارف اقبال نے بہت کم وقت میں ارریہ میں اپنی صحافتی سرگرمیوں سے لوگوں کے ذہن پر اچھے نقوش چھوڑے، مدرسہ تجوید القرآن میر نگر ارریہ کے بانی قاری نیاز احمد قاسمی نے کہا کہ عارف اقبال اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر لوگو ں کے دلوں میں گھر بناچکے تھے ارریہ کے لوگوں کو ان کافی محبت ہو چکی تھی لیکن ان کی ترقی ہوجانا ہم سب کیلئے باعث مسرت ہے۔

دیگر مقررین نے بھی عارف اقبال کی صحافتی خدمات اور لگن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کام کے تئیں نہایت پرجوش رہتے ہیں جس کی وجہ سے بہت کم عمری میں انھوں نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس موقعے پر ایم آئی ایم کے ضلع صدر راشد انور، کانگریس اقلیتی شعبہ کے ضلع صدر معصوم رضا، جن ادھیکار پارٹی کے ضلع صدر امتیاز انیس ، قاری صادق، حافظ فیروز، ہلچل علی، معراج خان، رضی انور، دانش اقبال، حافظ جعفر، محمد اشتیاق، منظور عالم، قمر معصوم، معراج خالد، فیروز عالم، حافظ سمش القمر ، مولانا عبد الوارث مظاہری، مولانا فیاض راہی وغیرہ موجود تھے۔