Home نقدوتبصرہ عربی زبان و ادب اور اس کے متعلقات پر ایک مفید کتاب ـ ڈاکٹر جسيم الدين

عربی زبان و ادب اور اس کے متعلقات پر ایک مفید کتاب ـ ڈاکٹر جسيم الدين

by قندیل

شعبۂ عربی دہلی یونیورسٹی کے صدر پروفیسر نعیم الحسن اثری کے بیش بہا ،علمی ، ادبی اور تحقیقی عربی مقالات کا مجموعہ ہے، کتاب میں شامل سبھی مقالات بے حد معلوماتی ہیں،ان مقالات میں جہاں عربی زبان وادب کی اہمیت پر مفصل روشنی ڈالی گئی ہے، وہیں عربی زبان کی تدریس میں پیش آنے والی مشکلات اور ان کے حل بھی بتائے گئے ہیں،اسی طرح اکیسویں صدی میں عربی زبان کی اہمیت :چیلنجزاور تدارک پر مبسوط مقالہ ہے، علاوہ ازیں ہندوستان کےمدارس اسلامیہ میں عربی زبان کی تعلیم، عربی زبان کی درس وتدریس میں پیش آنے والی مشکلات کے حل میں جدید وسائل کے استعمال پر بھی مفصل بحث کی گئی ہے۔فاضل مصنف نے ’ایک زبان سے دوسری زبان میں اشعار کا ترجمہ اور مترجم کی مشکلات‘ کا بھی بھرپور جائزہ لیاہے۔کتاب میں شامل بعض مقالات عربی زبان وادب کی مشہور ومعروف شخصیات کے احوال پر ہیں، ان ممتاز شخصیات میں عربی زبان کے نابغہ پروفیسر سلیمان اشرف، ممتاز محقق پروفیسر خورشید احمد فارق، محترمہ پروفیسر فرحانہ صدیقی اورعلامہ صدیق حسن خان شامل ہیں۔کتاب میں چند ایسے مقالات بھی شامل ہیں ،جن سے خالص عربی ادبیات کے ابعاد وجہات پر ضیاپاشی ہوتی ہے، ان میں ’عربی ادبیات کے فروغ میں عائشہ عبد الرحمٰن بنت الشاطی کی حصہ داری‘، ’یحییٰ حقی کی تحریروں میں سماجی حقیقت نگاری ، قندیل ام ہاشم کے تناظرمیں‘، عربی ادب میں امینہ السعید کی خدمات،معروف ومقبول عربی ناول نگار عبد الحمید جودہ السحار کی تحریروں میں ثقافتی قدریں، ’مشاھدات فی الھند‘میں ہندوستانی معاشرے کی عکاسی ‘،عربی زبان میں علم تفسیر کا فروغ، علامہ ثناء اللہ امرتسری کی علم تفسیر میں خدمات بطور خاص قابل ذکر ہیں۔
کتاب میں شامل مقالات سے فاضل مصنف کی علم وادب میں گیرائی وگہرائی ، درس وتدریس میں چاشنی، تصنیف وتالیف اور تحقیق وتدوین میں ژرف نگاہی کا پتہ چلتاہے، فاضل مصنف کوعربی زبان وادب، تاریخِ اسلام، قرآن وحدیث اور حالاتِ زمانہ سے مکمل آگاہی ہے،اس سے قبل آپ کے اشہب قلم سے ’التبیان‘ اور علامہ ثناء اللہ امرتسری کی تفسیری خدمات جیسی وقیع تالیفات منظر عام پر آکر شرف قبولیت حاصل کرچکی ہیں۔مجھے امید ہے کہ علمی حلقوں میں ان کی کی تازہ تصنیف بھی قبولیت عامہ حاصل کرے گی۔265صفحات پر مشتمل کتاب کی قیمت 300روپے ہے۔ناشر البلاغ پبلی کیشن این-1،ابوالفضل انکلیو، جامعہ نگر ،نئی دہلی110025ہے۔(رابطہ نمبر:9818599781)

You may also like

Leave a Comment