اپریل میں ہر دن لگائی جائے گی کورونا ویکسین

نئی دہلی :
ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزکے پیش نظر مرکزی حکومت نے فیصلہ کیا کہ یہ ویکسین اپریل کے تمام دن لگائی جائے گی۔ سرکاری اور نجی دونوں طرح کے ویکسی نیشن مراکز پراپریل مہینے میں کورونا کا ٹیکہ لگایا جائے گا ۔ سرکاری تعطیل پر بھی کورونا ٹیکہ کاری جاری رہے گی۔ بات قابل ذکر ہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور یہ مرکز اور متعلقہ ریاستوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ ریاست مہاراشٹرا کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔جمعرات کو35 فیصد اضافے کے ساتھ کورونا کے 72330 نئے کیسزدرج کیے گئے ۔ اس سال کے ایک ہی دن میں یہ نمایاں تعداد ہے۔ اس کے ساتھ متاثرہ افراد کی کل تعداد 12221665 ہوگئی ہے۔ اس دوران 459 افراد ہلاک ہوئے ہیں ، جو گزشتہ کئی مہینوں میں سب سے زیادہ ہے۔ کورونا کی وجہ سے مرنے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 162927 ہوگئی ہے۔ تشویشناک بات یہ ہے کہ اس دوسری لہر میں صحت یابی کی شرح میں کمی دیکھی جارہی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 382 افراد صحت یاب ہوئے ہیں ، جس کے بعد اب تک صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 11474683 ہوگئی ہے اور صحت یابی کی شرح 93.89 فیصد پر آ گئی ہے۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*