Home بین الاقوامی خبریں انجمن محبانِ اردو قطر کے زیر اہتمام محفلِ شعروسخن کا انعقاد

انجمن محبانِ اردو قطر کے زیر اہتمام محفلِ شعروسخن کا انعقاد

by قندیل

دوحہ قطر(نیاز احمد اعظمی):انجمن محبان اردو ہند قطر ، دوحہ قطر کی معروف و مشہور ادبی تنظیم، متنوع علمی اور ادبی سرگرمیاں اورتقاریب کا اہتمام کرتی رہتی ہے۔ جس میں کامیاب ترین مشاعروں کے ساتھ ساتھ معیاری و گراں قدر ادبی تخلیقات کی اشاعت، علمی اور ادبی شخصیات کے اعزاز میں نشستوں کا اہتمام وغیرہ شامل ہے۔ جس کی بنا پرقطر میں زبردست ادبی ماحول پروان چڑھ رہا ہے اور تشنگان ادب ساکنان قطر کے ذوق سلیم کی سیرابی بھی ہوتی رہتی ہے۔ کورونا وبا کی پابندیوں کی وجہ سے تمام طرح کی اجتماعی سرگرمیاں موقوف تھیں۔ تقریبا بیس مہینوں کے بعد انجمن کی جانب سے ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد بتاریخ ۴۲/ستمبر۱۲۰۲ءبروزجمعہ کو اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر( سلطہ جدیدہ ۔ دوحہ قطر) میں کیاگیا۔ جس میں قطر کی مشہور علمی ادبی سماجی شخصیات اور مختلف تنظیموں کے عہدیداران اور معروف شعراءوادباءاور محبان اردو نے شرکت کرکے اس کی رونق میں اضافہ کیا۔

انجمن کے جنرل سکریٹری معتبر شاعر و ادیب جناب عزیز نبیل نے تمام شرکا کا استقبال کیا اور اسٹیج کو معزز شخصیات سے سجایا۔تقریب کی صدارت انجمن کے سرپرست اعلی اور قطر کی معروف ومشہور معزز شخصیت جناب حسن عبدالکریم چوگلے نے فرمائی۔ مشہور ر ادب نواز شخصیت مجلس فروغ اردو ادب قطر کے چیرمین جناب محمد عتیق نے مہمان خصوصی کی نشست کو منور کیا۔ صد رکاروان اردو قطر مشہور ومعروف شاعر وادیب جناب عتیق انظر نے مہمان اعزازی کی نشست کو وقار بخشا۔ انجمن کے بانی اور قطر کی معروف ومشہور شخصیت، اردو زبان وادب اور تہذیب وثقافت کی ترویج وترقی کو اپنا مشن بنانے والے جناب ابراہیم خان کمال نے انجمن کی نمائندگی کی۔ تقریب کا با برکت آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت انجمن کے میڈیا سکریٹری نیاز احمد اعظمی کو نصیب ہوئی۔ مشہور ومعروف شاعر وادیب، مقبول ترین ناظم مشاعرہ، انجمن کے نائب صدر جناب ندیم ماہر نے تقریب کی نظامت کی ذمہ داری سنبھالی۔

انجمن کے بانی اور قطر کی معروف ومشہور ادب نواز شخصیت جناب ابراہیم خان کمال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے اس ڈیرھ سال کے عرصہ کے بعد جس میں ہم بہت سارے صدمات سے دوچار ہوئے جن کا بیان بھی انتہائی تکلیف د ہ اور دشوار ہے انجمن نے یہ تقریب منعقد کی اس پر انجمن قابل صد مبارک باد ہے۔ میں عمر کے اس مرحلے میں جب کہ زیادہ دیر بیٹھنا اور کچھ دیر بولنا بھی مشکل ہوتا ہے، صحت کی اس خرابی کے باوجود آپ سب کی محبت ہے کہ میں حاضر ہوا ہوں، بہت اچھا محسوس ہورہا ہے اور خوشی ہورہی ہے کہ ادب کی محفلیں پھر منعقد ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ ان محفلوں کا اپنا ایک اہم مقام اور ا ہمیت ہے۔ اچھا شعر روح کو چھو جاتا ہے۔ امید ہے کہ یہ ابتدا ایک سنگ میل ثابت ہوگی اور قطر کی دیگر تنظیمیں بھی اپنی سرگرمیاں شروع کردیں گی اور پھر وہی خوبصورت ماحول بن جائے گا۔

قطر کے معروف ومشہور شاعر وادیب کاروان اردو قطر کے صدر جناب عتیق انظر نے مشاعرے کی مکمل کارکردگی پر ایک پرمغز تبصرہ کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ جہاں ادب ہے وہاں زندگی اور محبت ہے۔ شاعر تو خوبصورت ہوتے ہیں ادب نواز ان سے بھی زیادہ خوبصورت ہوتے ہیں۔ شاعر اپنا بہت کچھ قربان کرکے سماج اور معاشرے کو کچھ عطا کرتے ہیں۔ آپ نے مزید کہا کہ شاعر اگر اپناکلام زبانی پڑھتا ہے تو وہ سامعین سے براہ راست جڑ جاتا ہے اور اس میں ابلاغ کی وہ کیفیت پیدا ہوتی ہے جو دیکھ کر سنانے میں نہیں ہوتی۔ شعراءحضرات کو کوشش کرنی چاہیے کہ وہ کلام زبانی پڑھیں۔

قطر کی اہم اور مشہور ادب نواز شخصیت چیرمین مجلس فروغ اردو ادب قطر جناب محمد عتیق نے کہا کہ اردو کی نئی بستیوں کا جب بھی ذکر کیا جائے گا تو کوئی بھی مورخ قطر کو نظر انداز نہیں کرسکتا ہے۔ پچھلے پچیس تیس سالوں میں یہاں کی اردو و ادبی تنظیموں کے ذریعہ جو ادبی کام ہورہا ہے یہ ہم سب کے لئے باعث فخر وافتخار ہے۔ انجمن کی آج کی تقریب بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔ کورونا کے ایک لمبے عرصے کے بعد انجمن کی جانب سے اس تقریب کے انعقاد پر وہ مبارک باد کی مستحق ہے۔ اس تقریب نے ہمیں پھر سے اسی خوبصورت ماحول کی یادوں کو تازہ کردیا ۔

انجمن کے سرپرست اعلی اور قطر کی معزز ومشہور علمی سماجی وادب نواز شخصیت جناب حسن عبدالکریم چوگلے نے صدارتی کلمات میں کہا کہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ تقریباً بیس مہینوں کے بعد یہ تقریب منعقد ہوئی۔ انجمن کے تمام کارکنان بہت مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہمیں ہمیشہ سیکھتے رہنا چاہیے۔ اگر کوئی کسی منزل پر پہونچ کر غرور کرنے لگے تو وہیں سے اس کا زوال شروع ہو جاتا ہے۔ ہمیں باتوں سے زیادہ کام کرنے پر دھیان دینا چاہیے۔ ہمیشہ پہل کرنا اور قدم بڑھانا سیکھیں۔ تعلیم پر زور دیں یہی ہمارے مسائل کا حل ہے۔ اتحاد میں بہت طاقت ہے۔ ہمیں اپنے کاموں کو ایک ساتھ مل جل کر کرتے رہنا چاہیے۔ اخیر میں انجمن کے جنرل سکریٹری جناب عزیز نبیل نے تمام مہمانان ، شعراءکرام اور معزز ومحترم شخصیات کی تشریف آوری کا بہت بہت شکریہ ادا کیا۔ اس نشست میں تمام ہی شعراءکرام نے بہت عمدہ اور تازہ کلام پیش کئے اور سامعین کرام نے بھی انہیں خوب داد وتحسین سے نوازا۔

You may also like

Leave a Comment