اے ایم یو:شعبۂ کمپیوٹر سائنس کے زیر اہتمام پوسٹر سازی مقابلہ کا انعقاد

علی گڑھ : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے کمپیوٹر سائنس شعبہ نے ’بھارت کا امرت مہوتسو‘ کے عنوان سے پوسٹر سازی مقابلہ کا اہتمام کیا جس میں اے ایم یو گرلس اسکول کی طالبہ نعیمہ حلیم نے اوّل انعام حاصل کیا۔ پوسٹر سازی کا موضوع تھا: ’2047 کا ہندستان، آزادی کے سو برس بعد ہمارا ملک کیسا ہوگا‘۔
اس مقابلہ میں طلحہ خان (اے ایم یو اے بی کے ہائی ا سکول بوائز) نے دوئم اور کم کم لودھی (اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول گرلز) نے سوئم انعام حاصل کیا جب کہ عاکفہ حسن (اے ایم یو سینئر سیکنڈری اسکول گرلز) کو حوصلہ افزائی انعام سے نوازا گیا۔
کمپیوٹر سائنس شعبہ کے سربراہ پروفیسر عاصم ظفر نے بتایا کہ نور فاطمہ (کوآرڈنیٹر، سی ایس ایس)، حسن فراز خان (سیکریٹری، سی ایس ایس)، ڈاکٹر محمد ساجد (اسسٹنٹ پروفیسر اور مینٹر، سی ایس ایس)، ڈاکٹر فیصل انور (اسسٹنٹ پروفیسر اور مینٹر، سی ایس ایس)، ڈاکٹر صالحہ زبیر (ایسوسی ایٹ پروفیسر اور مینٹر، سی ایس ایس) اور ڈاکٹر محمد ندیم (اسسٹنٹ پروفیسر، کنوینر، سی ایس ایس) نے مقابلہ میں جج کے فرائض انجام دئے۔ پروفیسر عاصم ظفر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور فاتحین کو انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر پروفیسر تمنا صدیقی ، ڈاکٹر ارمان رسول فریدی اور پرویز محمود خان (ڈائریکٹر، کمپیوٹر سینٹر) نے جنگ آزادی میں مجاہدین کے کردار اور ان کی قربانیوں پر گفتگو کی۔