اے ایم یو صد سالہ جشن میں وزیر اعظم کو مدعو کیے جانے کا نوجوان اساتذہ نے خیرمقدم کیا

علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مختلف شعبوں کے متعدد نوجوان اساتذہ نے کہاہے کہ اے ایم یو کے صد سالہ جشن میں وزیر اعظم شری نریندر مودی جی کی آن لائن شرکت پوری دنیا میں موجود علیگ برادری کے لیے فخر و مسرت کا لمحہ ہے جو اس تاریخی واقعہ کے گواہ بنیں گے۔ اساتذہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا: ’’ہم اپنی عظیم یونیورسٹی کا صد سالہ جشن منارہے ہیں اس لیے ہم ایک اکائی کی طرح متحد رہیں اور یونیورسٹی کے ساتھ اپنی وابستگی کا فخر کے ساتھ مظاہرہ کریں۔ یہ تاریخی واقعہ ہمارے رشتوں کو مستحکم کرے گا اور دنیا پر یہ ثابت کرے گا کہ اس کے موجودہ اور سابق طلبہ و طالبات اور اساتذہ اپنی مادر علمی سے ہمیشہ یگانگت کا مظاہرہ کرتے ہیں‘‘۔ بیان پر دستخط کرنے والوں میں ڈاکٹر آفتاب عالم (شعبۂ اردو)، مسٹر سلمان خلیل (شعبۂ کمیونٹی میڈیسن)، ڈاکٹر جبرئیل (شعبۂ تاریخ)، ڈاکٹر محمد اسلم (شعبۂ سیاسیات)، ڈاکٹر مامون رشید (شعبۂ اردو)، ڈاکٹرذاکر حسین (شعبۂ فلسفہ)، ڈاکٹر لمے بن صابر (شعبۂ بزنس ایڈمنسٹریشن)، ڈاکٹر محمد سلمان شاہ (شعبۂ کمیونٹی میڈیسن)، ڈاکٹر محمد سہراب خاں (سینئر سکنڈری اسکول گرلس)،مسٹر سید محمد طلحہ اور مسٹر راشد عمران (سول انجینئرنگ سیکشن، یونیورسٹی پالی ٹیکنک) شامل ہیں۔