اے ایم یو نے ٹائمز ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ-2021 میں عمدہ مظاہرہ کیا

علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے صدی سال میں ایک اور حصولیابی اپنے نام درج کی ہے۔ حال ہی میں اعلان شدہ ٹائمز ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ-2021 میں اے ایم یو کو لائف سائنسز کے موضوعات میں ہندوستانی اداروں اور یونیورسٹیوں میں دوسری سب سے عمدہ یونیورسٹی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سوشل سائنسز میں تیسرا، فزیکل سائنسز میں نواں، کلینیکل و ہیلتھ شعبہ میں ساتواں، انجینئرنگ میں دسواں اور کمپیوٹر سائنس میں پندرہواں مقام عطا کیا گیا ہے۔ اس سال اے ایم یو نے 6؍مضامین میں ممتاز مقام حاصل کیا ہے جب کہ 2020 کی رینکنگ میں یہ تعداد چار تھی۔ اے ایم یو وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے یونیورسٹی کی تعلیمی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2021 کی رینکنگ میں 6؍مضامین میں ٹاپ رینک حاصل کرنا یونیورسٹی کی ہمہ جہت پیش رفت کا واضح اشارہ ہے۔ اعلیٰ معیار کی تدریس و تحقیق اور یونیورسٹی کی بہتر شبیہ کی بدولت حاصل ہونے والی اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلر نے امید ظاہر کی کہ آئندہ برسوںمیں کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔ اے ایم یو میں رینکنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ایم سالم بیگ نے کہاکہ اس سال کی رینکنگ میں 18؍ہندوستانی ادارے اے ایم یو سے اوپر ہیں جب کہ 2020 کی رینکنگ میں یہ تعداد 23تھی۔ انھوں نے کہاکہ اے ایم یو نے تدریس، تحقیق، حوالہ جات، صنعت سے ہونیو الی آمدنی اور بین الاقوامی حیثیت کی بنیادوں پر مجموعی طور پر اور مختلف مضامین میں عمدہ پوزیشن حاصل کی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی تازہ سالانہ سبجیکٹ رینکنگ میں 93 ملکوں کی 1512 یونیورسٹیوں کی گیارہ سبجیکٹ ایریا میں درجہ بندی کی گئی ہے۔ اس سال کی درجہ بندی میں تیرہ ملین سے زائد تحقیقی اشاعتوں میں 80 ملین سے زائد حوالہ جات کا تجزیہ کیا گیا ہے اور اس میں پوری دنیا سے بائیس ہزار اسکالرز کے سروے جوابات شامل کیے گئے ہیں۔