اے ایم یو میں آن لائن تدریس کا نظام الاوقات جاری

علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تعلیمی سال 2020-21 میں داخلہ لینے والے طلبہ کے لئے جُفت سمسٹر میں آن لائن تدریس 16؍ جولائی 2021 ء سے شروع ہوگی۔ اس میں انجینئرنگ و ٹکنالوجی ، میڈیسن، یونانی میڈیسن، اور لاء کی فیکلٹیاں مستثنیٰ ہیں جن کے ڈین اپنا علاحدہ تعلیمی شیڈول جاری کریں گے۔ اسی طرح تعلیمی سال 2021-22 کے لئے آن لائن تدریس 2؍ اگست 2021 سے شروع ہوگی۔ یہ اطلاع اے ایم یو کے کنٹرولر امتحانات مسٹر مجیب اللہ زبیری کی جانب سے جاری نوٹس میں دی گئی ہے۔کووِڈ 19 کی وبا کے پیش نظر یونیورسٹی میں صرف آن لائن طریقہ سے ہی تدریس ہوگی اس لئے طلبہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں پر رہ کر ہی آن لائن کلاسوں میں حاضر ہوں ۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’یونیورسٹی میں سبھی اقامتی ہال بند رہیں گے اور ڈائننگ ہال کی سہولت نہیں ہوگی لہٰذا طلبہ اپنے گھروں سے آن لائن کلاسوں میں شرکت کریں اور کووِڈ 19 کے پیش نظر یونیورسٹی نہ آئیں۔‘‘