اے ایم یو کا جشنِ صد سالہ : وزیر اعظم کو دعوت،مودی 1964 کے بعد یونیورسٹی کے پروگرام میں شرکت کرنے والے پہلے وزیر اعظم ہوں گے

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی  کی 100 سالہ تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ انسٹی ٹیوٹ کے جاری کردہ بیان کے مطابق 22 دسمبر کو اس پروگرام میں وزیر اعظم کے ساتھ مرکزی وزیرتعلیم رمیش پوکھریال ‘نشنک’ بھی شرکت کریں گے۔
اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کرنے پر اے ایم یو برادری وزیر اعظم کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی سال کے دوران یونیورسٹی کی مزید ترقی ہوگی ، جو نجی اور سرکاری شعبوں میں طلبہ کی مدد کرے گی۔ پروفیسر منصور نے یونیورسٹی برادری ، عملہ ، ممبران ، طلبا اور سابق طلبا سے اپیل کی کہ وہ ان پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ صد سالہ تقریبات میں سیاست سے بالا تر ہوکر لوگوں کو شریک ہونا چاہیے۔
ٹائمس آف انڈیا میں شائع شدہ خبر کے مطابق آخری مرتبہ یونیورسٹی کے پروگرام میں کسی وزیر اعظم نے 1964 میں شرکت کی تھی ،اس موقعے پر لال بہادر شاستری نے کانووکیشن میں شرکت کی تھی اور ان کی تقریر بھی ہوئی تھی۔
اس ماہ کے شروع میں یونیورسٹی نے اعلان کیا تھا کہ صدر رام ناتھ کووند صد سالہ تقریبات میں مہمان خصوصی ہوسکتے ہیں۔ یونیورسٹی ذرائع کے مطابق مہمان خصوصی میں تبدیلی آخری لمحے میں کی گئی ہے۔ محمڈن اینگلو اورینٹل کالج 1 دسمبر 1920 کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی بناتھااور اسی سال 17 دسمبر کو یونیورسٹی کے طور پر باضابطہ اس کا افتتاح ہوا تھا۔