علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی صدی تقریبات کے تناظر میں یہ خبر دلچسپی سے پڑھی جائے گی کہ اس کے کئی شعبوں اور کالجوں کو ملک کی معروف میگزین آئوٹ لُک نے اپنی سالانہ رینکنگ میں اعلیٰ مقام عطا کیا ہے۔ یونیورسٹی کے ماس کمیونیکیشن شعبہ کو آئوٹ لُک -آئی سی اے آر ای کی 2020 رینکنگ میں ملک کے تمام ماس کمیونیکیشن اداروں کے درمیان چوتھا مقام دیا گیا ہے جو اپنے آپ میں باعث فخر امر ہے۔ واضح ہو کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا ماس کمیو نیکیشن شعبہ گذشتہ کئی برسوں سے کاموشی کے ساتھ ترقی کے منازل طے کرتا رہا ہے اور اس کے کئی طلبہ و طالبات نے پرنٹ اور ٹی وی میڈیا میں اپنے لیے باوقار جگہ بنائی ہے۔ گذشتہ چند برسوں میں اس شعبہ کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں ترقی ہوئی ہے اور شعبہ میں تین کیمرہ اسٹوڈیو اور فرینک اینڈ ڈیبی اسلام آڈی ٹوریم کی تعمیر کے ساتھ ہی اس کے تعلیمی معیار میں بھی اضافہ ہوا ہے۔اے ایم یو کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کو ملک کے تمام میڈیکل کالجوں کی رینکنگ میں پانچویں مقام پر رکھا گیا ہے جو اس کالج کی بہتر کارکردگی کا ثبوت ہے۔ گذشتہ چند مہینوں کے دوران کووِڈ19-تعدی کے پھیلنے کے بعد جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کو پورے مغربی اتر پردیش میں ایل2-درجہ کا اسپتال بنایا گیا اور اس کے ساتھ میڈیکل کالج میں کئی اہم ترقیات بھی ظہور میں آئیں جن میں وائرولوجی لیب اور پلازما تھیراپی کی مشین کی ایستادگی کے ساتھ ہی کارڈیالوجی شعبہ میں ڈی ایم کورس کی شروعات شامل ہے۔ اس کے علاوہ پلاسٹک سرجری شعبہ میں پہلے سے ایم سی ایچ کورس کی تعلیم جاری ہے۔ حال ہی میں ملک کے وزیر تعلیم شری رمیش پوکھریال نے نشنک نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ جے این میڈیکل کالج میں امتحان مرکز کا افتتاح کیا جو یونیورسٹی کے بنیادی ڈھانچے میں مزید اضافہ ہے۔اس رینکنگ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی لا فیکلٹی کو قانون کی تعلیم کے تمام اداروں میں چھٹا مقام دیا گیا ہے جبکہ سوشل ورک شعبہ کو نویں مقام پر رکھا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملک کے تمام سرکاری انجینئرنگ کالجوں کے درمیان ذاکر حسین انجینئرنگ کالج کو 28واں درجہ دیا گیا ہے۔ مذکورہ اداروں کی بہتر رینکنگ پر اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ یہ یونیورسٹی برادری کے لیے مسرت کا مقام ہے اور اس سے ہمیں اور بہتر کرنے کی تحریک ملتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے گذشتہ کچھ برسوں میں انفرا اسٹرکچر، نئے کورسز کا تعارف، نصابات پر نظر ثانی اور تحقیق میں یہاں کے اساتذہ کی قومی و بین الاقوامی سطح پر بہتر کارکردگی کی وجہ سے ادارے کے معیار میں اضافہ ہوا ہے اور نئے تعلیمی میقات میں اس میں مزید بہتری متوقع ہے۔رینکنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ایم سالم بیگ نے کہا کہ اس رینکنگ سے یونیورسٹی میں تدریس و تحقیق کے اعلیٰ معیار ہونے کا ثبوت ملتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ یونیورسٹی نے رینکنگ کے لیے متعین مختلف معیارات پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اوراس سے یونیورسٹی کے بارے لوگوں کی رائے مزید بہتر ہوگی۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کئی ادارے آؤٹ لُک میگزین کی رینکنگ میں اعلیٰ مقام پر
previous post