اے ایم یوکے امتحانات جون میں آن لائن منعقد ہوں گے

علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تعلیمی میقات 2020-21 میں داخلہ پانے والے پہلے سمسٹر کے سبھی انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبا کے امتحانات 22 جون 2021 سے آن لائن منعقد کیے جائیں گے، جبکہ فائنل / درمیانی سمسٹر کے طلبا اور جفت سمسٹر 2020-21میں زیر تعلیم طلبا کے امتحانات یکم جون 2021 سے شروع ہوں گے۔ تاہم، فیکلٹی آف میڈیسن، یونانی میڈیسن، انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، قانون اور منیجمنٹ اسٹڈیز میں داخلہ لینے والے طلباء کے امتحانات کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔یہ فیصلہ 25 مئی کو وائس چانسلر کی صدارت میں منعقدہ فیکلٹیوں کے ڈین، کالجوں / پالی ٹیکنکس کے پرنسپلوں اور یونیورسٹی کے دیگر عہدیداران کی آن لائن میٹنگ میں لیا گیا۔کنٹرولر امتحانات کے ذریعہ جاری نوٹس کے مطابق، تعلیمی میقات 2020-21میں داخلہ پانے والے بی اے / بی ایس سی / بی کام / ایم اے / ایم سی / ایم کام وغیرہ کے تمام طلبہ کے لئے فرسٹ سمسٹر کی آن لائن تعلیم 15 جون تک جاری رہے گی۔تمام طلبا کے امتحانات کا نظام الاوقات کنٹرولر کی ویب سائٹ www.amucontrollerexams.com پر جاری کیا جائے گا۔نوٹس کے مطابق ”تمام آن لائن امتحانات کی تفصیلات اور نظام الاوقات اور اس سے متعلق مجوزہ ایپ یا سافٹ ویئر اور اس کے لیے میٹنگ آئی ڈی اور پاس ورڈ اے ایم یو کی ویب سائٹ پر موجود متعلقہ شعبوں کے ویب پیج پر فراہم کیے جائیں گے۔