علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے داخلہ امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان

علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے علی گڑھ اور دیگر شہروں میں منعقد کیے جانے والے اپنے داخلہ امتحانات کے لئے نظرثانی شدہ تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق، سینئر سیکنڈری اسکول (سائنس اور ڈپلومہ ان انجینئرنگ)کا داخلہ امتحان صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک اور سینئر سیکنڈری اسکول (ہیومینٹیز اینڈ کامرس) اور ایم بی اے، ایم بی اے (انٹرنیشنل بزنس) اور ایم بی اے (اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس) کا سہ پہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک یکم نومبر 2020 کو منعقد ہوگا جبکہ بیچلر ان ایجوکیشن (بی ایڈ)میں داخلہ کے لئے امتحان 2 نومبر کو سہ پہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگا۔8 نومبر کو بی ایس سی (آنرز) اور بی کام (آنرز) کے لئے داخلہ امتحان صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہوگا، جبکہ بی اے (آنرز) کا داخلہ ٹیسٹ اسی دن سہ پہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر ہوگا۔بی آرک (پیپر 2) کے لئے داخلہ امتحان 9 نومبر 2020 کو صبح 9 بجے سے شروع ہوگا اور تین گھنٹے کے بعد دوپہر 12 بجے اختتام پذیر ہوگا جبکہ بی ٹیک اور بی آرک (پیپر 1) کا داخلہ امتحان اسی دن دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک منعقدہوگا۔ بی اے ایل ایل بی کا داخلہ امتحان 10 نومبر کو سہ پہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگا۔اس کے علاوہ، اے ایم یو کے زیر انتظام مختلف اسکولوں کی کلاس چھ اور نویں کے لئے داخلہ امتحان بالترتیب 23 اور 27 اکتوبر دوپہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگا۔امتحان کنٹرولر مسٹر مجیب اللہ زبیری نے بتایا کہ کووِڈ 19-کے پیش نظر مراکز کی تعداد میں اضافہ، سبھی مراکز پر بخار میں مبتلا طلبا کے لئے الگ تھلگ کمروں کا انتظام اور درجہ حرارت کی نگرانی کی سہولیات کے لئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو حکومت ہند کی ہدایات کے مطابق ماسک پہننے اور سماجی دوری پر سختی سے عمل کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔