امت شاہ کے بیان پرٹی ایم سی کا پلٹ وار،کسانوں کے گھرکھاناکھانے سے کوئی ہمدردنہیں ہوجاتا

کولکاتہ:مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات سے قبل ترنمول کانگریس اوربھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے مابین لفظی جنگ شدت اختیار کررہی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے حملے کے بعد ترنمول کانگریس نے اب جوابی حملہ کیاہے۔ ٹی ایم سی کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی نے کہاہے کہ امت شاہ کو بنگال کی سیاسی تاریخ کے بارے میں معلوم نہیں ہے۔ کانگریس سے نکالے جانے کے بعدممتا بنرجی نے ایک نئی پارٹی تشکیل دی۔ امت شاہ نہیں جانتے کہ ممتا بنرجی نے کانگریس نہیں چھوڑی۔میدنا پور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے ممتا بنرجی کو نشانہ بنایا تھا۔ امیت شاہ نے کہاہے کہ ممتابنرجی کا کہنا ہے کہ بی جے پی لوگوں کو دوسری پارٹیوں کے ساتھ لے جاتی ہے۔ میں ممتا بنرجی کو ان دنوں کی یاد دلانا چاہتاہوں جب وہ کانگریس میں تھیں۔ اگر انھوں نے کانگریس چھوڑ دی اور ترنمول کانگریس تشکیل دی تو کیا وہ عیب نہیں تھا؟امت شاہ کی ریلی ختم ہونے کے بعد ٹی ایم سی کے کلیان بنرجی نے پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہاہے کہ انتہائی کرپٹ پارٹی کا جلسہ ختم ہوا۔ جب امت شاہ نے بولنے لگے تو ہم نے دیکھا کہ گراؤنڈ آدھا خالی تھا۔ لوگ جانتے ہیں کہ وہ صرف جھوٹ بولتے ہیں۔کلیان بنرجی نے کہاہے کہ جب امت شاہ خاندان کی بات کرتے ہیں تو وہ ادھیکاری خاندان (شببھنڈو ادھیکاری) کو بھول جاتے ہیں۔ صرف یہی نہیں ، آپ کے (امت شاہ) بیٹے کی بی سی سی آئی میں داخلہ کیسے ہوا۔ کلیان بنرجی نے کہا ہے کہ صرف کسانوں کے گھر کھانا کھانے سے کوئی کسان نہیں ہوتا ہے۔ بی جے پی فسادیوں کی جماعت ہے۔