امریکی صورت حال سے حکومت سبق لے:مایاوتی

لکھنؤ:اتر پردیش کی سابق وزیراعلیٰ اوربہوجن سماج پارٹی کی قومی صدر مایاوتی نے امریکہ میں ہونے والے مظاہروں کے بارے میں مرکزی حکومت کومتنبہ کیا ہے۔ مایاوتی نے کہا ہے کہ حکومت کو عام آدمی کی زندگی کی قیمت کو سستے میں تولنے کی غلطی نہیں کرناچاہیے۔مایاوتی نے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ پولیس کے ہاتھوں جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد اس تحریک کی حمایت امریکہ کے ہر جگہ اور دنیا کے بڑے شہروں میں کی جارہی ہے۔ پیغام یہ ہے کہ انسان کی زندگی کی قدر ہوتی ہے اور اسے ارزاں سمجھنے میں غلطی نہیں ہونی چاہیے۔بی ایس پی سربراہ نے کہاہے کہ ہندوستان کا منفرد آئین، خاص طور پر، ہر فردکی آزادی، تحفظ اور خود اعتمادی کے ساتھ زندگی بسر کرنے کی زبردست انسانی ضمانت دیتاہے، جس پرحکومتوں کو زیادہ سے زیادہ توجہ دینی چاہیے۔ اگر ایسا ہوتا تو کروڑوں مزدورآج اتنے برے دن نہیں دیکھتے۔سابق وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ کورانا مریضوں اور اموات میں اضافے کے بارے میں مرکز اور مختلف ریاستوں کے مابین ہم آہنگی اور خیر سگالی کے بجائے الزامات اورجوابی الزامات میں اضافہ دیکھاگیاہے۔ ریاستوں کی سرحدیں سیل کرنا غیر منصفانہ اور کورونا کے خلاف عہد کوکمزور کرنا ہے۔ مرکز کی موثرمداخلت ضروری ہے۔