امریکی صدر ٹرمپ اور اہلیہ میلانیا کورونا سے متاثر،قرنطینہ میں گئے

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ میلانیا کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹرمپ کی اس تصدیق سے چند گھنٹے قبل ان کی خاتون مشیر ہوپ ہیکس کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا ہے۔ جمعے کے روز اپنی ٹویٹ میں امریکی صدر نے بتایا کہ ان کا اور ان کی اہلیہ کے کرونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔ مزید یہ کہ انہوں نے فوری طور پر علاج کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ٹرمپ نے زور دے کر کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ مل کر اس مرحلے کو پار کریں گے اور کرونا کی وبا پر غالب آئیں گے۔ٹرمپ پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اور ان کی اہلیہ قرنطینہ میں رہیں گے تاہم انہوں نے اس کی مدت کا تعین نہیں کیا۔ صحت کے امور سے متعلق طبی ماہرین اس مقصد کے لیے 14 روز قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کرتے ہیں۔اس سے قبل اپنی خاتون مشیر ہوپ ہیکس کے بارے میں ٹرمپ نے بتایا تھا کہ ہوپ نے سنجیدگی اور ذمے داری کے ساتھ طویل عرصے کام کیا اور اس دوران ذرا بھی آرام نہیں کیا ، ان کے کوویڈ 19 میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے ، یقینا یہ ہول ناک بات ہے!”۔یاد رہے کہ ایک ذمے دار ذریعے نے بتایا تھا کہ وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کی مشیر ہوپ ہیکس کرونا وائرس سے متاثر ہو گئی ہیں۔ ذریعے نے واضح کیا تھا کہ ہوپ ٹرمپ کے کلف لینڈ کے دورے میں ان کے ہمراہ رہیں جہاں امریکی صدر نے اپنے ڈیموکریٹک حریف جو بائیڈن کے ساتھ صدارتی انتخابات کے مناظرے میں حصہ لیا۔امریکی صحافیوں کے مطابق متاثرہ خاتون مشیر بدھ کے روز مینیسوٹا کے سفر میں بھی ٹرمپ کے ساتھ تھیں۔ ٹرمپ وہاں اپنے انتخابی مجمع سے ملاقات کے لیے گئے تھے۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*