امریکہ میں داخلے کے لیے کورونا کی منفی ٹیسٹ رپورٹ لازمی

نیویارک:امریکا نے چھبیس جنوری سے بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کے لیے منفی ٹیسٹ رپورٹ دکھانا لازمی قرار دے دیا ہے۔امریکہ میں وبائی امراض سے متعلق نگراں ادارے سینٹر فار ڈزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے منگل کو اعلان کیا کہ باہر سے آنے والے تمام مسافروں کو ایئرپورٹ پر تحریری رپورٹ دکھانی ہوگی کہ پچھلے تین دن کے اندر ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔اس شرط کا نفاذ پہلے برطانیہ سے آنے والے مسافروں کے لیے اس وقت کیا گیا جب وہاں وائرس کی نئی قسم کا پتہ چلا تھا۔ تاہم 26 جنوری سے اس کا اطلاق تمام مسافروں پر ہوگا۔سی ڈی سی نے امریکا پہنچنے کے بعد مسافروں کو ایک ہفتے تک اپنے گھروں میں قرنطینہ میں رہنے کی تلقین کی ہے۔ نئے ضوابط کے مطابق مسافروں کو آمد کے تین سے پانچ روز کے اندر کورونا کا ایک اور ٹیسٹ بھی کرانا ہوگا۔وبائی ماہرین کو خدشہ ہے کہ برطانیہ، برازیل اور جنوبی افریقہ میں تیزی سے پھیلنے والی وائرس کی نئی قسم ممکنہ طور پر پہلے ہی امریکا پہنچ چکی ہے۔سی ڈی ایس کے ڈائریکٹر رابرٹ ریڈفیلڈ کا کہنا تھا، ٹیسٹنگ سے تمام خطرات کا ازالہ تو نہیں ہوتا، تاہم کچھ عرصہ گھر میں رہنے، روزانہ ماسک پہننے اور سماجی فاصلے برقرار رکھنے جیسی احتیاطی تدابیر پرعمل کرنے سے سفر کو مزید محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ بدھ کے روز شائع ہونے والی ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران برطانیہ میں انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں کام کرنے والے تقریبا نصف افراد شدید تناؤ اور افسردگی کا شکار پائے گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ صحت کے ملازمین پر دباؤ کا اثر ان کی ذہنی صحت پر بھی پڑا ہے جس سے ان کے معیار زندگی اور کام کرنے کی صلاحیت پر گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*