امریکہ ایران پر عائد پابندیاں ختم کرے:چین

بیجنگ:چین نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران پر عائد پابندیوں کو ختم کرے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے پریس کانفرنس میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا ایٹمی مسئلہ اس وقت انتہائی اہم مرحلے میں ہے، ضروری ہے کہ اس کے خلاف پابندیوں کو ختم کیا جائے جبکہ ایران بھی معاہدے پرعمل بحال کرے تاکہ اس کا نفاذ صحیح راستے پر واپس لوٹ آئے۔انھوں نے کہا کہ چین نے تجویز دی ہے کہ عالمی نشست ایٹمی معاہدے کے رکن ملکوں اور امریکہ کی شرکت سے منعقد ہو اور چین اسی کے ساتھ یورپی یونین کی تجاویز کی بھی حمایت کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا اور یورپی یونین آئی اے ای اے میں ایران کے خلاف کوئی اقدام انجام نہ دیں تاکہ یہ نشست جلد از جلد منعقد ہو سکے۔