امریکہ اوربرطانیہ اپنے شہریوں کوواپس بلائے گا

بھارت نے اسرائیل سمیت دس ہزارغیرملکیوں کوواپس بھیجا
نئی دہلی:دنیابھر میں وباسے بگڑتے حالات کے درمیان امریکہ نے بھی اب بھارت سے اپنے شہریوں کی واپسی کا سلسلہ شروع کردیاہے۔ اختتام ہفتہ سے امریکی حکومت وسیع پیمانے پر بھارت کے مختلف شہروں سے اپنے شہریوں کولینے کے لیے پروازوں کا بندوبست کر رہی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر افسر ایان برانلی کے مطابق اس ضمن میں پہلی پرواز 170 امریکی شہریوں کو لے کر پہنچ چکی ہے۔ وہیں دہلی اور ممبئی سے اگلے چند دنوں میں تقریباََ 80 پروازوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ تاکہ جوامریکی شہری واپس لوٹنا چاہیں وہ جاسکیں۔ اہم ہے کہ کووڈ -19 بحران کے پیش نظر بھارت جانے اور آنے والی تمام باقاعدہ بین الاقوامی پروازیں 14 اپریل تک بند رہیں گی ۔اس سے پہلے برطانیہ بھی بڑے پیمانے پر بھارت میں موجود اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے پروازوں کا انتظام کرنے میں لگاہے۔ بھارتی حکومت کے ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ گزشتہ کچھ دنوں کے دوران تقریباََ10 ہزار غیر ملکی شہریوں کو اپنے ملک لوٹانے میں مختلف ممالک کی مددکر چکاہے۔ اس ضمن میں کئی ممالک کے اصرار پر ایئر انڈیا کی چارٹر پروازوں کا بھی انتظام کیا جا رہاہے۔ اس سے پہلے300 سے زیادہ اسرائیلی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے بھارت نے ایئر انڈیا کی خصوصی پروازکوبھیجاتھا۔

    Leave Your Comment

    Your email address will not be published.*