امیرشریعت مولانااحمدولی فیصل رحمانی نے خانقاہ مجیبیہ میں حاضری دی

پٹنہ:امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کے آج خانقاہ مجیبیہ پہنچنے پر مولانا سید شاہ منہاج الدین قادری ودیگر کارکنان کے ذریعہ پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ خانقاہ مجیبیہ کے زیب سجادہ آیت اللہ قادری نے اپنے کمرے میں امیر شریعت کا استقبال کرتے ہوئے امیر شریعت ثامن کے سر پر شماغ (رومال) رکھا اور عطر پیش کیا۔ اپنے پاس بٹھا کر انھوں نے کہا کہ یہ رشتہ دل کا ہے۔ حضرت قطب عالم مولانا محمد مونگیریؒ بھی خانقاہ مجیبیہ آیا کرتے تھے اور قیام بھی فرماتے تھے، امیر شریعت رابع مولانا منت اللہ رحمانی علیہ الرحمہ کا بھی یہاں اکثر آنا ہوتا تھا۔ زیب سجادہ نے کہا کہ والد صاحب علیہ الرحمہ سے امارت شرعیہ کے سابق امراء بالخصوص حضرت امیر شریعت رابع اور امیر شریعت سابع مولانا محمد ولی رحمانی علیہ الرحمہ سے گہرے مراسم تھے۔ آپ کے امارتِ شرعیہ کے آٹھویں امیر منتخب ہونے سے مجھے بے پناہ قلبی مسرت ہوئی ہے، دل کی گہرائیوں سے دعا دیتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اس امانت کو بہتر طریقے سے ادا کرنے کی آپ کو توفیق عطا فرمائے اور اللہ کی نصرت شامل حال ہو، آپ سے ملاقات کرکے خانقاہ مجیبیہ، امارت شرعیہ اور خانقاہ رحمانی کے دیرینہ روایت کی یاد بھی تازہ ہوگئی میں آپ کو بہتر مستقبل کی دعا بھی دے رہا ہوں۔ اس موقع سے امیر شریعت ثامن مولانا احمد ولی فیصل رحمانی سجادہ نشین خانقاہ رحمانی مونگیر نے بھی خانقاہ مجیبیہ امارت شرعیہ اور خانقاہ رحمانی کے درمیان دیرینہ تعلقات کا اور بہتر خانقاہی روابط کا ذکر فرمایا، امیر شریعت ثامن نے کہاکہ ان شاء اللہ خانقاہ مجیبیہ، میں میری حاضری بار بار ہوگی۔ ملی کاموں کے انجام دہی میں آپ کے مشورے سے بھی استفادہ کیا جائے گا، امارت شرعیہ کے استحکام میں آپ کی دعاؤں اور مشوروں کی ضرورت آج بھی ہے اور کل بھی رہے گی۔