پٹنہ:ملک کے مشہور داعی اور جامعہ شاہ ولی اللہ پھلت مظفرنگر کے ناظم مولانا محمد کلیم صدیقی امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ کے مرکزی دفتر پھلواری شریف پٹنہ میں تشریف لائے،یہاں آکر انہوں نے دلی خوشی کا اظہار کیا۔اس موقع پر مہمان محترم نے خطاب کرتے ہوئے فرمایاکہ امارت شرعیہ ہمارے لئے پاورہائوس کی حیثیت رکھتی ہے،یہاں جوبھی آتاہے وہ استفادہ کی غرض سے آتاہے،ہم بھی استفادہ کی غرض سے آئے ہیں،یہ ملت کا عظیم سرمایہ ہے اوراسے ملت کا قلب ہونے کی حیثیت حاصل ہے،اللہ تعالیٰ اس ادارہ کی حفاظت فرمائے اوراسے خوب استحکام عطا کرے، انہوں نے کہاکہ کائنات کا نظام قدرتی احکام کے تحت چلتاہے،حاکمیت صرف اللہ کی ہے،اورسیاسی جماعتوں کی حکومتیں اورسرکاریں کٹھ پتلی کی حیثیت رکھتی ہیں،اگر ایسانہیں ہوتاتو دنیا کے اٹھاون سابق صدوراوروزراء اعظم جیلوں کے اندر قیدوبند کی صعوبتیں نہیں اٹھارہے ہوتے،یہ مجازی سرکار ایک عارضی سرکارہوتی ہے،اصل حکومت اورقانون اللہ کا ہے،اللہ نے جو دین ہمیں عطاکیاہے،وہ پوری زندگی کے لئے مشعل راہ ہے،اور جس ملک میں ہم زندگی گذاررہے ہیں یہ ملک بھی اللہ کی ایک بڑی نعمت ہے،اوریہ ملک بہت ساری خوبیاں اپنے اندر رکھتاہے ، اس ملک کی تقدیر ہماری ذات سے وابستہ ہے،یہاں دعوت وتبلیغ کے بہت مواقع ہیں،جودنیا کے دوسرے اورممالک میں نہیں ہیں،ہم ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں اورنفرت کا جواب محبت سے دیں،یہاں کی سرشت میں محبت شامل ہے،وقتی جنون سے جبلت نہیں بدلتی ہے،اگر ہم داعیانہ کردار کے ساتھ اقدامی سوچ پیدا کریں تو اس کے خوشگوار اثرات ملک میں پڑیں گے، اس لئے کہ ملک کے بنیادی دفعات میں مذہب کی آزادی اور دعوت وتبلیغ کو پھیلانے کی اجازت حاصل ہے،ہم ان دفعات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دعوت کے کام کو تیز کریں،انشاء اللہ غیبی مدد حاصل ہوگی۔
قائم مقام ناظم مولانامحمدشبلی القاسمی اورامارت شرعیہ کے دیگر ذمہ داران وکارکنان نے مولانا کا استقبال کیا،خیرمقدمی کلمات میں مولانامحمد شبلی القاسمی صاحب نے مولانا محمد کلیم صدیقی صاحب کی دینی ودعوتی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ مولانا نے دعوت دین کاجوکام انجام دیاہے وہ مثالی بھی ہے اورقابل تقلیدبھی،اس ملک میں بڑی تعداد میں دعاۃ ومبلغین دعوت کا کام کررہے ہیں اوراللہ تعالیٰ ان کے ذریعہ دین کا بڑا کام لے رہے ہیں،ان اہم شخصیات میں مولاناکی ذات گرامی بھی ہے جومشکل حالات میں دین اورخدمت دین کابڑا کارنامہ انجام دے رہے ہیں،ہم اللہ سے ان تمام دعاۃ کے لئے درازی عمر کی دعاکرتے ہیں ،مولانانے خیر مقدمی کلمات میں کہاکہ امیر شریعت مولانا سید محمدولی رحمانی نے جہاں امارت شرعیہ کے دوسرے شعبہ میں وسعت وتوانائی بخشی ہے وہیں خاص طورپر شعبہ ٔ دعوت وتبلیغ پر خصوصی توجہ فرمائی ہے،حضرت نے اس لاک ڈائون کے زمانہ میں بھی چالیس سے زائد مبلغین امارت شرعیہ میں بحال کئے ہیں۔ امیر شریعت کی توجہ سے یہ شعبہ روز افزوں ترقی کی راہ پر گامزن ہیں،اوراس وقت امارت شرعیہ کا یہ شعبہ کافی متحرک وفعال ہے۔
اس مجلس میں مولانامفتی ثناء الہدی قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ ،مولانا سہیل احمد ندوی نائب ناظم امارت شرعیہ ، مولانا قاضی وصی احمد قاسمی نائب قاضی شریعت ،مولانا سہیل اختر قاسمی نائب قاضی شریعت،مولانا رضوان احمد ندوی،مولانا نورالحق رحمانی ،جناب ایم کیو جوہر،مولانا قمرانیس قاسمی ،مفتی احتکام الحق قاسمی،جناب سمیع الحق ،مولانا ارشد رحمانی، مولانانصیرالدین مظاہری ،مولانا شمیم اکرم رحمانی،مولانا مہتاب عالم قاسمی،مولانا مرغوب ندوی،مولاناامام الدین قاسمی،مولانا امدادااللہ وغیرہ شریک تھے۔یہ مجلس حضرت مولانا محمد کلیم صدیقی صاحب کی دعاپر اختتام پذیر ہوئی۔
امارت شرعیہ ملت کا سرمایہ اوردھڑکتاہوا دل ہے:مولانا کلیم صدیقی
previous post