Home بین الاقوامی خبریں عالمی یوم خواتین:گوگل نے خصوصی ڈوڈل بناکر پیش کیا خراجِ عقیدت

عالمی یوم خواتین:گوگل نے خصوصی ڈوڈل بناکر پیش کیا خراجِ عقیدت

by قندیل

لندن:دنیا کی سب سے بڑی سرچ انجن گوگل ہر عالمی دن اور خصوصی مواقع پر ڈوڈل جاری کرتی ہے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی گوگل نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر ڈوڈل جاری کیا ہے۔اس سال جاری کیے گئے اینیمیٹڈ ڈوڈل ویڈیو میں خواتین کی ایک صدی سے زائد عرصے کی جدوجہد کو دکھایا گیا ہے۔ اس بار پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ایک ہی ڈوڈل جاری کیا گیا ہے اور ویڈیو میں کوئی مواد دیے بغیر خواتین کی طاقتور اینیمیٹڈ تصاویر کو دکھایا گیا ہے۔ عالمی یوم خواتین ہر سال 8 مارچ کو دنیا بھر میں بیک وقت منایا جاتا ہے اور اس دن کو منانے کے لیے مارچ کے آغاز سے ہی تقریبات کا آغاز ہوجاتا ہے۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں اور انسانی حقوق کے اداروں کی جانب سے خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ امریکا سے لے کر یورپ، ایشیا سے لے کر افریقہ تک عالمی یوم خواتین کے دن پر کئی ممالک میں خواتین روڈوں پر نکل کر نہ صرف ریلیاں نکالتی ہیں بلکہ رقص کرتی بھی دکھائی دیتی ہیں۔جنگ زدہ ممالک سمیت شورش زدہ اور غربت کے مارے ممالک میں بھی خواتین عالمی دن کے موقع پر ریلیاں اور تقاریب منعقد کرتی دکھائی دیتی ہیں۔عالمی یوم خواتین کا آغاز سوا ایک صدی قبل 1909 سے ہوا تھا، اس دن کو منانے کا آغاز 1908 سے قبل امریکی فیکٹریوں میں کام کرنے والی مزدور خواتین کی جانب سے اپنی تنخواہ مرد حضرات کے برابر کرنے کے لیے کیے گئے احتجاجوں کے بعد ہوا۔ خواتین کے احتجاج کے بعد ہی وویمن نیشنل کمیشن بنایا گیا، جس کے ذریعے خواتین کے حقوق کی تحریک چلائی گئی اور پہلی بار فروری 1909 میں عالمی یوم خواتین منایا گیا لیکن بعد ازاں اس دن کو 8 مارچ کو منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اقوام متحدہ (یو این) نے بھی 1977 میں ہر سال 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین منانے کی منظوری دی اور تب سے اس دن کو دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر منایا جانے لگا ہے۔

You may also like

Leave a Comment