اعظم گڑھ کے لوگوں سے بات کرکے الیکشن لڑنے کے بارے میں فیصلہ کروں گا: اکھلیش یادو

لکھنؤ:سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ یوپی میں اقتدار میں آنے کے بعد ہم سماج وادی پنشن اسکیم شروع کریں گے اور اس کے تحت ہر سال ضرورت مندوں کو 18 ہزار روپئے دیں گے۔ ایس پی سربراہ نے کہا کہ اس بار ہمیں چھ ہزار نہیں بلکہ 18 ہزار روپئے سالانہ ملیں گے۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی نے سب سے زیادہ کھاتے کھولے ہیں۔ اکھلیش نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے زیر اثر کئی ساتھی پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ اپنے اسمبلی الیکشن لڑنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میں اعظم گڑھ سے ایم پی ہوں، وہاں کے لوگوں سے پوچھ کر اس بارے میں فیصلہ کروں گا۔ اپرنا یادو کے بی جے پی میں شامل ہونے کے سوال پر کہاکہ میں انہیں بہت مبارکباد دوں گا۔ مجھے خوشی ہے کہ سماج وادی نظریہ پھیل رہا ہے۔ نیتا جی نے انہیں بہت سمجھانے کی کوشش کی تھی۔ ایک اور سوال پر اکھلیش نے کہا کہ ٹکٹ ابھی پوری طرح تقسیم نہیں ہوئے ہیں، یہ علاقے اور ہمارے سروے پر منحصر ہے۔